ہردوئی :(ایجنسی)
یوپی اسمبلی انتخابات کے لیے تین مرحلوں میں پولنگ ہو چکی ہے، باقی چار مرحلوں کے لیے انتخابی مہم جاری ہے۔ بقیہ مراحل میں، توقع ہے کہ پوروانچل علاقے میں بی جے پی اور ایس پی کے درمیان سخت مقابلہ ہوگا۔ یہی وجہ ہے کہ دونوں یہاں پوری قوت لگا رہی ہیں۔ اسی سلسلے میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی اتحاد میں شامل ایس بی ایس پی کے سربراہ اوم پرکاش راج بھر نے دعویٰ کیا کہ وہ پوروانچل میں بی جے پی کا کھاتہ بھی نہیں کھولنے دیں گے۔ اس اجلاس سے ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے بھی خطاب کیا۔
ہردوئی کے سنڈیلامیں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راج بھر نے مودی-یوگی حکومت کو سخت نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے وعدہ کیا تھا کہ ملک کو بیچنے نہیں دیں گے لیکن انہوں نے سب کچھ بیچ دیا۔ ریلوے بیچ دیا، بینک بیچ دیا، ہوائی جہاز بیچ دیا، کوئلے کی کانیں بیچ دی۔
راج بھر نے کہا- ’کانگریس پارٹی لڑائی میں نہیں ہے، ہم نے بی ایس پی کی ہوا نکال دی ہے…بی جے پی کو کون ووٹ دے گابتایئے، بی جے پی والے جو شور مچاتے ہیں کہ ان کے پاس ووٹ نہیں ہے، ان کے پاس باجا ہے، ان کے پاس ہیلی کاپٹر ہے۔‘
راج بھر نے مزید کہا کہ بی جے پی والوں نے ملک کو لوٹ کر پیسہ کمایا ہے اور انتخابات میں اس کا زبردست استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا ’’پوروانچل میں بی جے پی کا کھاتہ نہیں کھولنے دوں گا،یہ سوچ لینا‘‘۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ بابا کا بلڈوزر مینٹینسمیں چلا گیا ہے ۔وہ جان گئے ہیں سرکار بدلنے والی ہے۔ ایس پی سربراہ نے کہا کہ بابا وزیر اعلیٰ نے ابھی ایک تصویر ڈالی تھی، جس میں وہ مشرق کی طرف دیکھ رہے ہیں اور عوام مغرب کی طرف۔ تب معلوم چلا کہ وہ اسمارٹ فون بھی نہیں چلا پاتے ہیں۔ بابا سی ایم کہتے ہیں کہ وہ 24 گھنٹے کام کرتےہیں ، لیکن سرکاری محکموں میں 11 لاکھ آسامیاں خالی ہیں ۔ ایس پی سرکار میںلوگوں کو نوکری اورروزگار دینے کا کام ہوگا ۔










