اناؤ :(ایجنسی)
حجاب تنازع کے درمیان اناؤ سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ساکشی مہاراج نے بڑا بیان دیا ہے۔ بتا دیں کہ ساکشی مہاراج نے کہا کہ حجاب پر پابندی کو لے کر پورے ملک میں قانون بنایا جانا چاہیے۔ یوپی کے چوتھے مرحلے کی پولنگ کے دوران اناؤ میں ووٹ ڈلالنے پہنچے ساکشی مہاراج نے کہا کہ الیکشن میں حجاب کا مسئلہ اپوزیشن نے اٹھایا ۔ یہ اصول کرناٹک میں بنایا گیا ۔
انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں پورے ملک میں حجاب پر پابندی کا قانون بنایا جانا چاہیے۔ دوسری طرف ووٹنگ کے بارے میں، ساکشی مہاراج نے کہا، ’بی جے پی کو اناؤ میں 6 میں سے 6 سیٹیں ملیں گی۔ یوگی آدتیہ ناتھ کو 2017 میں جو مینڈیٹ ملا تھا، اس بار ان کا ریکارڈ توڑتے ہوئے بھاری اکثریت سے حکومت بنائیں گے۔ یہ تعداد 350 تک جا سکتی ہے۔‘
ساکشی مہاراج نے کہا کہ پرینکا گاندھی واڈرا اور راہل گاندھی، جس میں بھی ہمت ہے وہ آنے والے 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں میرے خلاف مقابلہ کرے۔
بی جے پی پر کوئی دباؤ نہیں:
ساکشی مہاراج نے اے بی پی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس بار بی جے پی کے لیے کوئی چیلنج نہیں ہے۔ اس کی بڑی وجہ سب کا ساتھ اور سب کا وسواش ہے۔ لوگوں نے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے کام کرنے کے انداز کو پسند کیا ہے۔ انہوں نے جس طرح مجرموں اور مافیا کو جیل بھیجا اس سے عوام میں سیکورٹی کے بارے میں اعتماد پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو صرف کمل کا نشان، مودی اور یوگی نظر آرہے ہیں۔
اہم بات یہ ہے کہ بدھ کو اناؤ سمیت اترپردیش کے نو اضلاع کی 59 سیٹوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے۔ پیلی بھیت، لکھیم پور کھیری، سیتا پور، ہردوئی، لکھنؤ، رائے بریلی، باندہ اور فتح پور میں بھی ووٹنگ ہو رہی ہے۔ واضح رہے کہ 2017 میں ان 59 سیٹوں میں سے بی جے پی نے 51 اور اس کی اتحادی اپنا دل (ایس) نے ایک سیٹ جیتی تھی۔ تاہم بی جے پی کے سامنے اس کارکردگی کو دہرانے کا سخت چیلنج ہے۔










