ممبئی :(ایجنسی)
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے بدھ کی سہ پہر مہاراشٹر کے وزیر نواب ملک کو منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کر لیا۔ تقریباً 8 گھنٹے تک جاری رہنے والی طویل پوچھ گچھ کے بعد ای ڈی نے یہ کارروائی کی۔ گرفتاری کے بعد این سی پی لیڈر کا جے جے اسپتال میں طبی معائنہ کیا گیا اور پھر ملزم کو پی ایم ایل اے کورٹ میں پیش کیا گیا۔ سماعت کے دوران ای ڈی نے ملزم ملک کے ریمانڈ کے لیے عدالت سے 14 دن کی تحویل کی درخواست کی۔ عدالت نے نواب ملک کو 8 دن یعنی 3 مارچ تک ای ڈی ریمانڈ پر بھیج دیا ہے۔
گرفتاری کے بعد وزیر نواب ملک کی جانب سے ٹوئٹر پر لکھا گیا، ’نہ ڈریں گے اور نہ ہی جھکیں گے۔ 2024 کے لیے تیار رہیں۔ ‘کچھ دیر بعد ایک اور ٹویٹ کیا گیا، ’’کچھ دیر خاموشی ہے، پھر شور آئے گا… تمہارا تو صرف وقت ہے ہمارا دور آئے گا!!‘‘
نواب ملک استعفیٰ نہیں دیں گے
مہاراشٹر حکومت نے نواب ملک کی گرفتاری پر اعتراض کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ دریں اثنا، مہاراشٹر کے کابینہ کے وزراء اجیت پوار، چھگن بھجبل، حسن مشرف، دلیپ پاٹل اور راجیش ٹوپے نے مستقبل کے لائحہ عمل پر شرد پوار کے گھر پر میٹنگ کی۔ اس میں این سی پی نے نواب ملک کا استعفیٰ قبول نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شرد پوار کی صدارت میں ہوئی میٹنگ میں کہا گیا کہ ہم بی جے پی کے سامنے نہیں جھکیں گے۔ معلوم ہوا ہے کہ ٹی ایم سی سربراہ ممتا بنرجی نے بھی مشورہ دیا تھا کہ این سی پی کو نواب کا استعفیٰ قبول نہیں کرنا چاہئے۔
ممتا بنرجی نے شرد پوار سے بات کی
ٹی ایم سی سپریمو ممتا بنرجی نے نواب ملک کی گرفتاری کے سلسلے میں این سی پی سربراہ شرد پوار سے فون پر بات کی۔ انہوں نے نواب کے معاملے پر اپوزیشن اتحاد کی بات کی ہے۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ اپوزیشن لیڈروں کے خلاف جس طرح ای ڈی اور سی بی آئی کا استعمال کیا جاتا ہے اس کے خلاف مضبوط مشترکہ یکجہتی ضروری ہے۔
پورا مہاراشٹر بی جے پی کی سازش کو دیکھ رہا ہے: سپریہ سولے
این سی پی لیڈر سپریہ سولے نے کہا، ای ڈی کے لوگ نواب ملک کے یہاں آئے تھے۔ کافی دنوں سے بی جے پی کارکنان، ترجمان ٹویٹ کر رہے تھے کہ ای ڈی کا نوٹس نواب ملک اور مہاوکاس اگھاڑی کے خلاف آئے گا۔ آج وہ ہو گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی مہاوکاس اگھاڑی کے خلاف جو سازش رچ رہی ہے اسے پورا مہاراشٹر دیکھ رہا ہے۔ کوئی نوٹس نہیں آیا۔ ای ڈی مہاراشٹر کے ایک وزیر کو سیدھا اپنے دفتر لے گئی ہے۔ میں نے پہلی بار ایسا ہوتا دیکھا ہے کہ انہوں نے کون سی نئی سیاست شروع کی ہے۔
سنجے راوت نے کہا:’ میں ہر افسر کو بے نقاب کروں گا‘
ساتھ ہی شیوسینا لیڈر سنجے راوت نے کہا کہ ای ڈی کے لوگ جس طرح مہاراشٹر حکومت کے وزیر نواب ملک کو ان کے گھر سے لے گئے ہیں، وہ مہاراشٹر حکومت کے لیے ایک چیلنج ہے۔ پرانے کیسز نکال کر سب کی تفتیش کی جا رہی ہے۔ آپ جانچ کر سکتے ہیں۔ 2024 کے بعد آپ سے بھی تفتیش کی جائے گی۔ راوت نے مزید کہا کہ میں آنے والے دنوں میں تمام انکشافات کرنے جا رہا ہوں۔اس کے لئے مجھے کتنی بھی بھاری قیمت کیوں نہ ادا کرنی پڑے؟ میں ایک ایک افسر کو بے نقاب کروں گا ۔
کانگریس لیڈر اور مہاراشٹر حکومت میں وزیر اشوک چوان نے کہا، ’’سیاست کی سطح گر گئی ہے۔ مہاراشٹر میں جو چیزیں نظر آتی ہیں، وہ ٹھیک نہیں ہیں۔ جمہوریت میں احتجاج اور اظہار رائے کا حق ہر ایک کو ہے لیکن عدالت، پولیس، مرکزی ایجنسیوں کا استعمال درست نہیں۔
استعفیٰ دیں نواب ملک: بی جے پی
مہاراشٹر بی جے پی کے صدر چندرکانت پاٹل کا کہنا ہے کہ وزیر نواب ملک کو استعفیٰ دے دینا چاہیے۔ حکومت کے کئی کابینہ وزراء کے خلاف مقدمات درج ہیں۔ ریاست کے سابق وزیر داخلہ پہلے ہی جیل میں ہیں۔
دراصل، ای ڈی داؤد ابراہیم، اس کے بھائی انیس، اقبال، معاون چھوٹا شکیل کے خلاف کیس کی جانچ کر رہی ہے۔ اس کے لیے گزشتہ ہفتے کئی مقامات پر چھاپے بھی مارے گئے جن میں داؤد کی بہن حسینہ پاریکر کا ٹھکانہ بھی شامل ہے۔ پیر کو حسینہ کے بیٹے علی شاہ پاریکر سے بھی ای ڈی نے پوچھ گچھ کی تھی۔ ای ڈی داؤد کے دیگر ساتھیوں پر بھی نظر رکھے ہوئے ہے، کیونکہ یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ داؤد اب بھی کچھ لوگوں کی مدد سے ممبئی میں ڈی کمپنی چلا رہا ہے۔
دیویندر فڈنویس نے نواب ملک پر الزامات لگائے تھے
نواب ملک کی داؤد ابراہیم کے گرگے سردار شاہ ولی خان اور حسینہ پاریکر کے محافظ سلیم پٹیل کے ساتھ ہونے والی ڈیل بھی زیر تفتیش ہے۔ ریاست کے سابق سی ایم دیویندر فڈنویس نے چند ماہ قبل الزام لگایا تھا کہ نواب ملک نے خان اور پٹیل سے کروڑوں کی جائیدادیں صرف 30 لاکھ روپے میں خریدی ہیں۔ ای ڈی فی الحال ملک کے دیگر کاروباری معاملات کی تحقیقات کر رہی ہے۔










