فتح آباد :(ایجنسی)
اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی نے کہا کہ وزیر اعظم آپ ایک معمولی انسان ہیں ، اللہ یا بھگوان نہیں۔ اس ملک میں کئی وزرائے اعظم آئے اور چلے گئے۔ ہم ملک کا نمک کھاتے ہیں، بی جے پی یا مودی کا نہیں۔ اویسی نے فتح پور کے نیشنل انٹر کالج میدان و دریاآباد میں پارٹی امیدواروںکی حمایت میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کیا ۔
انہوں نے کہا کہ آوارہ جانوروں کے لیے کیا منصوبہ ہے جو کسانوں کے کھیتوں میں گھومتے ہیں اور فصلوں کو چٹ کرجاتے ہیں۔ عوام کے سامنے اس کا ذکر کیوں نہیں کرتے؟ نمک یوگی مودی کا نہیں ہے، ہم لوگ نمک سے لے کر پانی جو بھی کھاتے پیتے ہیں اس کی ادائیگی کرتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس ، ایس پی ،بی ایس پی کو مسلمانوں نے گزشتہ 2014,2017 اور 2019میں ووٹ کیا لیکن کامیابی بی جے پی کو ملی۔ ایسے میں آپ اپنے کو خود پہنچانے اور پارٹی کے امیدواروں کو بھاری ووٹوں سے جیت دلائیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی، ایس پی اور بی ایس پی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے، لیکن جس طرح ایک مسلم لڑکی نے حجاب کی حمایت میں نعرہ لگایا، آپ کو بھی اسی طرح نعرہ بلند کرنے کی ضرورت ہے۔
اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ بھاگیداری تبدیلی مورچہ کے قومی صدر بابو سنگھ کشواہا کے ساتھ دریا آباد اسمبلی حلقہ سے اے آئی ایم آئی ایم امیدوار کی حمایت میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرنے پہنچے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی انتخابات میں بی جے پی کے جیتنے کا خوف دکھا کر سماج کے لوگوں کا ووٹ حاصل کرتی ہے، لیکن اقتدار پر بیٹھنے کے بعد سب کچھ بھول جاتی ہے۔ اس موقع پر قیصر عظیم، ڈاکٹر صاحب حسین، اشرف خان، سراج، صدام، سفیان صدیقی وغیرہ موجود تھے۔










