گورکھپور :(ایجنسی)
پانچویں مرحلے کے لیے انتخابی مہم کے اختتام کے ساتھ ہی بی جے پی کے لیڈروں نے گورکھپور میں ڈیرے ڈال دیے ہیں۔ قومی صدر جے پی نڈا دیر شام چوری چورا اسمبلی حلقہ میں جلسہ عام کیا ۔ نڈا کشی نگر کے کھڈا اور سنت کبیر نگر کے دھن گھاٹا میں بھی جلسہ کرکے بی جے پی کے حق میں ووٹ کرنے کی لوگوں سے اپیل کی ۔
گورکھپور-بستی ڈویژن کے انتخابات چھٹے مرحلے میں 3 مارچ کو ہوں گے۔ اس کے لیے یکم مارچ کی شام چھ بجے تک انتخابی مہم چلائی جا سکتی ہے۔ ان منڈلوں میں اسمبلی کی 41 سیٹیں ہیں۔ اس لیے بی جے پی نے اپنی پوری طاقت جھونک دی ہے۔ وزیر اعلیٰ یوگی ہفتہ سے گورکھپور میں بھرپور مہم چلائیں گے۔
چار دنوں میں (26 فروری اور یکم مارچ کے درمیان) وزیر اعلیٰ کو 20 عوامی جلسے اور روڈ شو کرنے ہیں۔ اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ ٹھاکر بھی گورکھپور آئے ہوئے ہیں۔ وہ مختلف پروگراموں میں شرکت کریں گے۔ بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری تنظیم بی ایل سنتوش نے بھی گورکھپور میں ڈیرہ ڈالا ہے۔ وہ دیوریا، گورکھپور، بلیا اور اعظم گڑھ میں انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیں گے۔
اسی طرح وزیر اعظم نریندر مودی 27 فروری کو بستی، دیوریا اور 28 فروری کو مہاراج گنج اور بلیا میں جلسہ عام کریں گے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ 28 فروری کو گورکھپور شہر اور گورکھپور دیہی اسمبلی حلقہ میں روڈ شو کریں گے۔ یکم مارچ کو چلوپار اسمبلی حلقہ میں جلسہ عام کرکے بی جے پی کے حق میں ماحول بنانے کا کام کریں گے۔










