نئی دہلی:(ایجنسی)
کمرشیل ایل پی جی سلنڈر استعمال کرنے والے صارفین کو دھچکا لگا ہے۔ ان سلنڈروں کی قیمت میں 105 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق بڑھتی ہوئی مہنگائی سے ہندوستانی صارفین کی جیب پر اثر پڑے گا ۔ اگرچہ گھریلو سلنڈر کی قیمتیں جوں کی توں رہیں، لیکن ان میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔ یہ بڑھی ہوئی شرح یکم مارچ 2022 سے لاگو ہوگی۔
اس اضافے کے ساتھ ہی دہلی میں 19 کلو کے کمرشیل سلنڈر کی قیمت منگل سے 2,012 روپے ہو جائے گی۔ وہیں 5 کلو کے گیس سلنڈر کی قیمت میں بھی 27 روپے کا اضافہ ہوا ہے، یعنی اب دہلی میں 5 کلو کے سلنڈر کی قیمت 569 روپے ہو گی۔ کولکاتا میں کمرشیل گیس سلنڈر کی قیمت 105 روپے بڑھ کر 2,089 روپے ہو گئی ہے۔
نیا مہینہ شروع ہونے کے ساتھ ہی عوام پر گیس سلنڈر کی مہنگائی کی مار پڑی ہے۔ اطلاعات کے مطابق نیشنل آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے گیس سلنڈر کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ یکم مارچ 2022 سے کمرشیل گیس لینے والوں کو بڑھی ہوئی قیمت ادا کرنا ہوگی۔
غنیمت یہ رہی کہ گھریلو گیس سلنڈر کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور باورچی خانہ کے سلنڈر پرانی قیمت پر بھی دستیاب رہیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ کی کٹوتی کے بعد اس ماہ کے اضافے نے حساب برابر کر دیا ہے۔ یکم فروری 2022 کو تیل کمپنیوں نے کمرشیل گیس سلنڈر کی قیمت میں 91.50 روپے کی کمی کی تھی جس کے بعد دہلی میں 19 کلو کے کمرشیل گیس سلنڈر کی قیمت 1907 روپے تک پہنچ گئی تھی۔










