ممبئی :(ایجنسی)
گزشتہ سال بالی ووڈ کے کنگ خاں سے معروف شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کی کروز ڈرگز کیس میں گرفتاری پر ملک بھر میں کافی شور مچا تھا۔ معاملے کی جانچ کر رہی نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) ایس آئی ٹی نے کہا ہے کہ آرین خان کسی سازش کا حصہ نہیں ہے۔ ایس آئی ٹی نے کہا ہے کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ آرین کسی منشیات کی سازش یا بین الاقوامی منشیات کی اسمگلنگ سنڈیکیٹ کا حصہ ہے۔
ایس آئی ٹی نے یہ بھی کہا ہے کہ کارڈیلیا کروز پر چھاپے میں کئی بے ضابطگیاں پائی گئی ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق، این سی بی کی ممبئی یونٹ کی جانب سے لگائے گئے الزامات کے برعکس، تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ آرین خان کے پاس کبھی بھی ڈرگس نہیں رہی اور اس لئے ان کے فون اور پرائیویٹ چیٹس کو چیک کرنے کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔ ان چیٹس سے معلوم نہیں ہوتاکہ آرین کسی انٹرنیشنل سنڈیکیٹ کاحصہ ہے۔
بتا دیں کہ اس کیس کی سماعت کے دوران این سی بی کے وکیل نے دلیل دی تھی کہ آرین خان کسی بڑے ڈرگ ریکیٹ کا حصہ ہے۔ این سی بی کے قوانین کے مطابق کسی بھی چھاپے کی ویڈیو ریکارڈنگ لازمی ہے لیکن اس معاملے میں ایسا نہیں ہوا۔
ایس آئی ٹی کی جانچ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ آرین خان نے کبھی اپنے دوست ارباز مرچنٹ کو کروز پر منشیات لانے کو نہیں کہا۔
گزشتہ سال ممبئی ہائی کورٹ نے بھی آرین خان کو ضمانت دینے کے حکم میں کہا تھا کہ کیس کے ملزمان آرین خان، ارباز مرچنٹ اور منمون دھامیچا کے درمیان کسی قسم کی سازش کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔
عدالت نے یہ بھی کہا تھا کہ آرین کے فون سے جو وہاٹس ایپ چیٹس کا حوالہ دیا جا رہا ہے اس میں کوئی قابل اعتراض نہیں ہے اور چونکہ تینوں افراد ایک ہی کروز پر تھے اس لیے یہ ان کے خلاف کوئی سازش نہیں تھی، اس الزام کی کوئی بنیاد نہیں ہو سکتی۔
آرین خان، ارباز مرچنٹ اور منمون دھامیچا کو 3 اکتوبر کو کورڈیلیا کروز سے گرفتار کیا گیا تھا اور اس معاملے میں کل 17 لوگوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔ اس معاملے میں آرین خان کو کچھ دن جیل میں رہنا پڑا تھا اور ممبئی ہائی کورٹ سے انہیں ضمانت مل گئی تھی۔
این سی بی ممبئی کے سابق زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے اور ان کی ٹیم نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ تمام ملزمان ایک بڑی سازش کا حصہ ہیں اور آرین خان بیرون ملک بیٹھے منشیات سپلائی کرنے والوں کے رابطے میں تھے۔
این سی بی کے چھاپوں کے دوران بھی آرین خان سے کسی قسم کی کوئی منشیات نہیں ملی اور یہ بھی ثابت نہیں ہوا کہ اس نے کبھی منشیات لی تھیں۔
تاہم ایس آئی ٹی کی جانچ ابھی ختم نہیں ہوئی ہے اور اسے مکمل ہونے میں کچھ اور وقت لگے گا۔ لیکن اب تک کی تحقیقات نے ایک بار پھر این سی بی افسر سمیر وانکھیڑے کے بارے میں سوال کھڑے کر دیے ہیں۔










