نئی دہلی :(ایجنسی)
دہلی وقف بورڈ میں چیئرمین امانت اللہ خاں کےخلاف چار ممبران نے بغاوت بلند کردی ہے ۔ ممبران نے وقف بورڈ میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی کاالزام لگا تے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل سے ملاقات کرکے انہیں چیئرمین امانت اللہ خاں کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کاپی پیش کی ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کرنے پہنچے بورڈ کے تین ممبران میں سے چودھری شریف احمد، نعیم فاطمہ اور رضیہ سلطانہ موجود تھیں۔ جبکہ ایک دیگر ممبر پرویز ہاشمی کا رضامندی خط لیفٹیننٹ گورنر کو پیش کیاگیا ہے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ممبران سے ملاقات کے دوران بورڈ کے تازہ حالات کی پوری جانکاری لی ہے ۔ آن لائن پورٹل ہندوستان سماچار کے مطابق وقف بورڈ کی ممبر نعیم فاطمہ نے بتایا کہ وہ اوربورڈکے 3 دیگر ممبران نے وقف بورڈ کے چیئرمین امانت للہ خاں کے خلاف تحریک عدم اعتماد پاس کرکے لیفٹیننٹ گورنر کو اس کی جانکاری دی ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ لیفٹیننٹ گورنر نے ان سے بورڈ کے چیئرمین کے ذریعہ بورڈ میں کی جاری تمام گڑبڑیوں کی جانکاری لی ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے ممبران کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ آگے کی کارروائی کے لیے دہلی سرکار کو جلد ہدایت جاری کریں گے ۔










