منی پور :(ایجنسی)
منی پور اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کافی بہتر کارکردگی رہی ہے، جبکہ کانگریس کی مایوس کن کارکردگی رہی۔ 2017 کے اسمبلی انتخابات میں، بی جے پی کو60 سیٹوں والے منی پور میں 21 سیٹوں پر جیت ملی تھی اور کانگریس کو 28 سیٹوں پر ، لیکن بی جے پی نے ریاست کی چھوٹی پارٹیوں جیسے این پی پی اور این پی ایف کے ساتھ مل کر سرکار بنا لی تھی ۔ این پی پی اور این پی ایف کو چار چار سیٹیں ملی تھیں، جبکہ لوک جن شکتی پارٹی نے ایک سیٹ جیتی تھی۔
لیکن اس بار این پی پی اور این پی ایف کے ساتھ الیکشن لڑنے کے بجائے بی جے پی نے تنہا الیکشن لڑا۔ اب تک کے انتخابی رجحانات میں این پی پی، این پی ایف اور دیگر جماعتوں کے امیدوار بھی کئی سیٹوں پر آگے ہیں۔ وہیں کانگریس بہت پیچھے ہے۔
کانگریس نے اس بار 6 سیاسی جماعتوں کا اتحاد بنایا اور اسے منی پور پروگریسو سیکولر الائنس کا نام دیا گیا ہے۔ اس اتحاد میں کانگریس، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی)، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکس وادی)، فارورڈ بلاک، ریوولیوشنری سوشلسٹ پارٹی (آر ایس پی) اور جنتا دل (سیکولر) شامل ہیں۔
اب تک کے انتخابی رجحانات سے یہ واضح ہے کہ اس بار بھی این پی پی، این پی ایف اور دیگر جماعتیں حکومت سازی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں، لیکن کانگریس جو کہ پچھلی بار ریاست کی واحد سب سے بڑی پارٹی بنی تھی، منی پور میں بری کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ اس کے کئی ایم ایل ایز نے بھی پارٹی چھوڑ دی تھی اور اس کی وجہ سے پارٹی ریاست میں بہت کمزور ہو گئی تھی۔










