نئی دہلی:(ایجنسی)
پنجاب اسمبلی انتخابات میں زبردست جیت حاصل کرنے والی عام آدمی پارٹی اب آئندہ میونسپل کارپوریشن انتخابات پر پوری توجہ مرکوزکئے ہوئے ہے۔ اس کو لے کر اب دہلی میں سیاست مزید تیز ہوگئی ہے۔ حالانکہ مرکزی حکومت کی مداخلت کے بعد لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل کی طرف سے ریاستی الیکشن کمیشن کو بھیجی گئی ایک تجویز کے سبب فی الحال دہلی میونسپل کارپوریشن کو ملتوی کردیا گیا ہے۔ اس درمیان اب دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل کو بدلے جانے کی قیاس آرائیاں بھی اقتدار کے گلیاروں میں تیز ہوگئی ہیں۔
دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ کیا لکش دیپ کے ایڈمنسٹریٹر پرفل پٹیل کو دہلی کا آئندہ وزیر اعلیٰ بنایا جا رہا ہے؟ وزیر اعلیٰ کے اس ٹوئٹ کے بعد ہلی کی سیاست میں کارپوریشن الیکشن سے متعلق بحث مزید تیز ہوگئی ہیں۔
اس درمیان دیکھا جائے تو پرفل کھوڑا بھائی پٹیل لکش دیپ کے ایڈمنسٹریٹر ہیں۔ وہ گجرات میں نریندر مودی حکومت میں وزیر داخلہ بھی رہ چکے ہیں۔ گزشتہ دنوں ان کے کچھ فیصلوں سے مقامی لوگوں میں زبردست ناراضگی دیکھنے کو ملی۔ لوگوں کا ماننا ہے کہ ان فیصلوں سے ان کی ثقافتی اور مذہبی شناخت کو نقصان پہنچے گا۔ وہ پہلے بھی کئی بار تنازعہ میں رہے ہیں۔










