نئی دہلی :(ایجنسی)
سپریم کورٹ نے آج 16 مارچ 2022 کو کہا کہ وہ ہولی کی تعطیلات کے بعد حجاب معاملہ کی سماعت کرے گی۔ سینئر ایڈووکیٹ سنجے ہیگڑے نے آج اس معاملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امتحانات آنے والے ہیں اور ہائی کورٹ کے حکم سے کئی لڑکیاں متاثر ہوئی ہیں، اس لیے فوری سماعت کی ضرورت ہے۔
جب کہ منگل 15 مارچ کو نبا ناز نامی ایک مسلم طالبہ نے ایڈووکیٹ آن ریکارڈ انس تنویر کے ذریعے ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے خصوصی چھٹی کی درخواست دائر کی تھی۔ اسی دوران گورنمنٹ پی یو کالج، کنڈا پورہ، کرناٹک ضلع کی سال اول کی طالبہ عائشہ شفات نے بھی سپریم کورٹ کا رخ کیا ہے۔ جب کہ 15 مارچ 2022 کو کرناٹک ہائی کورٹ کے ایک فل بنچ نے صبح فیصلہ کیا تھا کہ حجاب پہننا اسلامی تعلیمات میں ضروری مذہبی عمل کا حصہ نہیں ہے۔ عقیدہ آئین کے دفعہ 25 کے تحت محفوظ نہیں ہے۔
کرناٹک ہائی کورٹ نے مزید کہا کہ ریاست کی طرف سے اسکول یونیفارم کا نسخہ دفعہ 25 کے تحت طلبا کے حقوق پر ایک معقول پابندی ہے اور اس طرح کرناٹک حکومت کی طرف سے 5 فروری کو جاری کیا گیا سرکاری حکم ان کے حقوق کی خلاف ورزی نہیں کرتا ہے۔ اسی مناسبت سے عدالت نے مسلم طالبات کی طرف سے دائر درخواستوں کو خارج کر دیا ہے، جس میں ایک سرکاری پی یو کالجوں کی طرف سے حجاب پہننے پر ان کے داخلہ سے انکار کرنے کی کارروائی کو چیلنج کیا گیا ہے۔
کرناٹک ہائی کورٹ میں حجاب معاملہ پر حتمی سماعت کے بعد اب سپریم کورٹ آف انڈیا نے فوری سماعت سے انکار کیاہے۔ ذرائع کے مطابق ہولی کے بعد سماعت ہوسکتی ہے۔ واضح رہے کہ 15 مارچ 2022 کو حجاب کے معاملے پر کرناٹک ہائی کورٹ نے اپنا فیصلہ سنایا تھا۔ کورٹ نے مسلم لڑکیوں کی طرف سے دائر کی گئی تمام عرضیوں کو خارج کردیا تھا۔ اس عرضی میں مسلم لڑکیوں نے اسکول اور کالج میں حجاب پہننے کی اجازت مانگی تھی اور پانچ فروری کے سرکاری حکم کو چیلنج دیا گیا تھا۔ کرناٹک ہائی کورٹ کی تین رکنی بنچ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ حجاب اسلام کا لازمی جزو نہیں ہے۔










