جموں:(ایجنسی)
پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے اتوار کو بی جے پی پر الزام لگایا کہ وہ لوگوں کو مذہب کی بنیاد پر تقسیم کر رہی ہے اور ملک کو دوسری تقسیم کی طرف لے جا رہی ہے۔
جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ نے یہ الزام لگایا اور ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کی ’سیکولرازم‘میں ساکھ اور ہندوستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر لے جانے کے لیے ان کی تعریف کی۔
آر ایس پورہ میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے محبوبہ نے کہا،’(پاکستان کے بانی محمد علی) جناح نے اس ملک کو تاریخ میں تقسیم کیا، لیکن آج ایک بار پھر ملک کو فرقہ وارانہ خطوط پر تقسیم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ یہ لوگ (بی جے پی) ایک اور تقسیم چاہتے ہیں۔
سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مہاتما گاندھی کو ناتھو رام گوڈسے نے قتل کیا تھا اور آج گوڈسے کے سیکڑوں اور ہزاروں پیروکار ان کے نظریہ پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو متحد ہو کر بی جے پی اور دیگر فسطائی طاقتوں کے ’’ناپاک عزائم‘‘ کے خلاف لڑنا ہوگا۔ محبوبہ نے کہا کہ ‘اگر ہم نے اس مذہبی تقسیم کو ہونے دیا تو بھگت سنگھ جیسے مجاہدین آزادی کی قربانی رائیگاں جائے گی،اس لیے گاندھی کو ایک بار پھر مرنے نہ دیں۔










