اجین؍بھوپال :(ایجنسی)
کانگریس لیڈر اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ ڈگ وجے سنگھ کو 11 سال پرانے کیس میں ایک سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ یہ معاملہ 2011 میں بھارتیہ جنتا یووا مورچہ (بی جے وائی ایم) کے کارکنوں پر حملے سے متعلق ہے۔
اس میں سابق وزیر اعلیٰ دگ وجے سنگھ سمیت 6 لوگوں کو اندور ڈسٹرکٹ کورٹ نے مجرم قرار دیا ہے۔ انہیں 1 سال کی سزا کے ساتھ 5000-5000 جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق 17 جولائی 2011 کو اجین میں بی جے وائی ایم کارکن جینت راؤ نے سابق وزیر اعلیٰ دگ وجے سنگھ کے قافلے کو کالے جھنڈے دکھائے۔ جس کی وجہ سے ناراض کانگریس لیڈر دگ وجے سنگھ اور بی جے وائی ایم کارکن کے درمیان پرتشدد جھڑپ ہوئی۔ اس کے بعد دونوں فریقوں نے ایک دوسرے کے خلاف مادھو نگر پولیس اسٹیشن، اُجین میں مقدمہ درج کرایا تھا۔
دگ وجے سنگھ کا کہنا ہے کہ انہیں جھوٹا پھنسایا جا رہا ہے۔ اس سے پہلے جب اس معاملے میں شکایت درج کی گئی تھی تو ایف آئی آر میں بھی ان کا نام نہیں تھا۔ سیاسی مقاصد کے لیے ان کا نام بعد میں ایف آئی آر میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل کریں گے۔
فی الحال، عدالت نے سابق سی ایم دگ وجے سنگھ، سابق کانگریس ایم پی پریم چند گڈو سمیت تمام چھ ملزمان کو 25-25 ہزار کے مچلکے ( بانڈ) پر ضمانت دے دی ہے ۔










