نئی دہلی:(پریس ریلیز)
ویلفیئر پارٹی آف انڈیا بی جے پی کے ذریعہ محض اپنے سیاسی فائدے کے لئے سماج میں عدم رواداری اور نفرت کا زہر پھیلانے کی کوششوں کی شدید مذمت کر تی ہے۔ ایسا کر کے وہ ملک کے مخلوط تکثیری معاشرہ کو شدید نقصان پہنچا رہی ہے۔
ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے قومی صدر ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے حالیہ جاری کی گئی پیوریسرچ سینٹر کی رپورٹ کی طرف اشارہ کر تے ہو ئے کہا کہ اس رپورٹ نے مذہبی آزادی کی درجہ بندی کرتے ہوئے ہندوستان کو حد درجہ خراب ممالک کی فہرست میں جگہ دیتے ہوئے کہا ہےکہ ہندوستان کے لئے یہ بات انتہائی باعث شرم ہے جو خود کو کثرت میں وحدت کی شاندار مثال قراردیتا رہا ہے، جس میں مختلف مذہبی اور ثقافتی گروہ صدیوں سے شیروشکر بن کر زندگی گزار رہے تھے۔
انہوں نے کہا اس وقت حجاب، حلال گوشت اور گوشت سے بنی دیگر اقسام پر پابندی ، مسلم تاجروں اور مصنوعات کا بائیکاٹ، مسلمانوں کی نسل کشی، مسلم خواتین کی آن لائن فروخت جیسے تنازعات جو اس سے پہلے اس ملک کے لئے بالکل اجنبی تھے، پہاڑ بن کر کھڑے ہو گئے ہیں۔ بی جے پی جب سے اقتدار میں آئی ہے اس نے سوسائٹی کو ہندومسلم کے خانوں میں بانٹنا شروع کر دیا ہے۔ بی جے پی اپنی کذب بیانی، جھوٹے پروپگنڈے، زہریلی کہانیوں، تاریخ کی غلط تعبیر و تشریح اور جھوٹے بیانیوں کے ذریعہ مسلمانوں کو کمترثابت کر نے اور سماج کو فرقہ وارانہ خطوط پر بانٹنے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے آگے کہا کہ ہندتوا عناصر کے ذریعہ منافرانہ پروپگنڈا اور معاشرہ کو تقسیم کر نے کے تمام اقدامات کو صرف حکومت و انتظامیہ کی مکمل پشت پناہی ہی نہیں حاصل ہے بلکہ یہ سب ایک سوچے سمجھے منصوبہ کے تحت ہو رہا ہے۔ضرورت اس بات کی ہے کہ ملک کی انصاف پسند عوام، ایکٹیوسٹ حضرات، دانشور، طلباء، کسان، مزدور، صحافی حضرات، دفاعی شعبہ میں کام کرنے والے لوگ، بیوروکریٹس، عدلیہ سے وابستہ افراد اور تمام سیکولرسیاست دان، سیاسی حد بندیوں سے اوپر اٹھ کر اس کے تدارک کے لئے آگے آئیں تاکہ ملک کے سیکولر اور جمہوری ڈھانچہ کو تباہ ہونے سے بچایا جا سکے۔ان تمام لوگوں کو ہندوتوا فسطائی عناصر کے مقابلے میں مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا مظاہرہ بھی کر نا چاہیے۔










