لکھیم پور کھیری :(ایجنسی)
لکھیم پور کھیری کیس کے ایک اہم گواہ ہردیپ سنگھ (35) پر حملہ کیا گیا ہے۔ یہ حملہ اتوار کو رامپور ضلع کے بلاس پور میں ہوا۔ حملے کا الزام بی جے پی سے وابستہ لوگوں پر ہے۔ لکھیم پور کھیری کے تکونیہ میں احتجاج کرنے والے چار کسانوں کو ایک جیپ سے کچل دیا گیا تھا۔ اس کے بعد تشدد ہوا۔ جس میں 4 لوگوں کی موت ہوگئی تھی۔کسان ہردیپ سنگھ نے الزام لگایا کہ بی جے پی کے ضلع جنرل سکریٹری مہر سنگھ دیال اور سرنبجیت سنگھ نے تین دیگر لوگوں کے ساتھ مل کر اس کے چہرے پر پستول کے بٹ سے حملہ کیا۔ اس واقعہ میں اسے شدید چوٹیں آئی ہیں۔ اہل خانہ کا ماننا ہے کہ یہ ہردیپ کے لکھیم پور کھیری واقعہ کی تحقیقات کرنے والی خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کرنے کے بدلے میں تھا۔ مرکزی وزیر اجے مشرا کے بیٹے آشیش مشرا کو کیس میں ملزم بنایا گیا ہے۔
ہر دیپ اس دن تکونیہ میں موجود تھے جب ایس یو وی سے چار کسانوں کو کچلا گیا تھا۔ وہ ٹھیک اسی گاڑی سے زخمی ہوئے تھے ،جو مبینہ طور پر چار کسانوں کے اوپرچڑ گئی تھی۔ وہ اس معاملے میں اہم گواہ ہیں۔ ضلع انتظامیہ سے بار بار درخواست کرنے کے باوجود کہ ان کی جان کو خطرہ ہے، انہیں کوئی سیکورٹی فراہم نہیں کی گئی۔
پولیس کو دی گئی تحریری شکایت میں ہردیپ نے کہا کہ میں اپنے دوست ستیندر سنگھ کے ساتھ بلاس پور سے نواب گنج جا رہا تھا۔ اچانک ہمیں بی جے پی لیڈر مہر سنگھ دیال نے درمیان میں روک لیا جس نے چار دیگر لوگوں کے ساتھ مجھے گواہوں کی فہرست سے اپنا نام نہ نکالنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکی دی۔ اگلی بار جب میں آشیش مشرا کے خلاف بیان ریکارڈ کرانے گیا تو اس نے مجھے سر میں گولی مارنے کی دھمکی دی ہے ۔










