نئی دہلی (ایجنسی )
پاکستانی ڈرامے اور گانے سننے والے ہوشیار ہوجائیں کیونکہ اس شوق کے نتیجہ میں جیل بھی جانا پڑسکتا ہے۔ اترپردیش کی پولیس نے جمعرات، 14 اپریل کو بتایا کہ اترپردیش کے بریلی میں دو نابالغ مسلم لڑکوں کے خلاف موبائل فون پر پاکستانی گانا سننے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ان کی عمر 16اور17سال ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ ضلع کے بھوٹا علاقے کے سنگھائی مروان گاؤں کے نعیم اور مستقیم کے خلاف 13 اپریل کو ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق سنگھائی مروان میں یہ دونوں لڑکے گروسری کی دکان چلاتے ہیں۔ نابالغوں کے خلاف ایف آئی آر ایک مقامی رہائشی آشیش کی شکایت پر درج کی گئی، جس نے مبینہ طور پر پڑوسی ملک پاکستان کی تعریف کرنے والے گانا بجانے پر اعتراض کیا۔ جب آشیش نے ان دونوں کے گانا بجانے پر اعتراض کیا، تو نوعمروں نے اس کے ساتھ جھگڑا شروع کر دیا۔
اخبار کے مطابق ایف آئی آر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جب شکایت کنندہ نے دونوں کو گانا سننا بند کرنے کو کہا تو انہوں نے مبینہ طور پر گالی گلوچ شروع کردی اور ہندوستان کے بارے میں ’بری باتیں‘ کہیں۔ ان کے کزن ، جس نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کی، نےٹی او آئی کو بتایا، ’انہوں نے نتائج کو سمجھے بغیر گانا بجایا۔‘ اہل خانہ نے انگریزی روزنامہ کو بتایا کہ دونوں کو بدھ 13 اپریل کو شام 5 بجے اٹھایا گیا تھا اور پولیس نے انہیں پوری رات اسٹیشن پر حراست میں رکھا تھا۔
ایک مقامی رپورٹر کی جانب سے بنائی گئی ویڈیو کے مطابق، جس تک ’دی وائر‘ نے رسائی حاصل کی تھی، دونوں کے کزن صدام حسین نے کہا کہ اس کے چھوٹے بھائی نے گانا صرف 40 سیکنڈ تک چلایا، اور وہ بھی غلطی سے۔ اس نے بعد میں معافی بھی مانگی لیکن ان کی معافی قبول نہیں کی گئی۔
تاہم، بریلی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی)، روہت سنگھ سجوان نے ٹی او آئی کو بتایا، ’مجھے نہیں معلوم کہ نوجوانوں کو پولیس نے رات بھر حراست میں لیا تھا کیونکہ مجھے بتایا گیا تھا کہ انہیں آج صبح پوچھ گچھ کے لیے بلایا گیا ہے۔ ایسے معاملات میں نوٹس دینے کا انتظام ہے، کیونکہ ریکارڈ کی گئی ویڈیو کی صداقت کی تصدیق نہیں ہوتی ہے۔ میں ایک سینئر پولیس اہلکار سے تحقیقات کی نگرانی کرنے اور رپورٹ فراہم کرنے کو کہوں گا۔ ان لڑکوں پرتعزیرات ہند کی دفعہ 153B (تعزیرات، قومی یکجہتی کے لیے نقصاندہ دعوے)، 504 (جان بوجھ کر توہین) اور 506 (مجرمانہ دھمکی) کے ساتھ مقدمہ درج کیا گیا ہے۔










