نیتی تال :(ایجنسی)
اتراکھنڈ کے ہلدوانی میں درگاہ کو نشانہ بنا کر ماحول کو خراب کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ نینی تال پولیس اس معاملے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور پولیس ایسے لوگوں کے خلاف سخت قدم اٹھانے کی تیاری کر رہی ہے۔
نینی تال پولیس کے مطابق معاملہ ہفتہ کا ہے۔کاٹھ گودام میں واقع درگاہ کے گیٹ پر ایک نوجوان کے ذریعہ بھگوا جھنڈا لگادیا گیا تھا۔ اس واقعہ سے متعلق ویڈیو شرپسند عناصر کی جانب سے سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی تھی۔ پولیس نے واقعے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری طور پر جھنڈا ہٹا دیا۔ نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا۔اس کے علاوہ پولیس ان لوگوں پر بھی نظر رکھی ہوئی ہے جو اس واقعے سے متعلق ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر کے ماحول خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پولیس کے سوشل میڈیا سیل کی جانب سے اس واقعے کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے اور ایسے لوگوں کی نشاندہی کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جو ویڈیو پوسٹ کرکے لوگوں کے جذبات کو بھڑکانے کی کوشش کررہے ہیں۔پولیس نے ایسے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ ماحول کو خراب کرنے والوں کے منصوبوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ پولیس نے عام لوگوں سے کہا ہے کہ وہ ہوشیار رہیں کہ وہ ایسے لوگوں کا شکار نہ ہوں اور ویڈیو کو سوشل میڈیا پروائرل کرنے سے گریز کریں۔ ایسے لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔










