نئی دہلی :(ایجنسی)
دہلی پولیس نے جہانگیر پوری علاقے میں بغیر اجازت جلوس نکالنے کا مقدمہ درج کیا ہے۔ نیوز ایجنسی اے این آئی نے شمال مغربی دہلی کی ڈی سی پی اوشا رنگنانی کے حوالے سے بتایا کہ اس معاملے میں وشو ہندو پریشد اور بجرنگ دل دہلی صوبہ کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
بی بی سی ہندی کے مطابق ان تنظیموں پر جہانگیر پوری کے علاقے میں بغیر اجازت جلوس نکالنے کا الزام ہے۔ اس کے ساتھ ہی پولیس نے وشو ہندو پریشد کے ضلع سیوا پرمکھ پریم شرما کو گرفتار کر لیا ہے۔ دہلی پولیس کمشنر راکیش استھانہ نے بھی صحافیوں کو بتایا کہ جلوس بغیر اجازت کے نکالے گئے، لیکن چونکہ جلوس نکل چکے تھے، پولیس نے اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی کہ وہ پرامن طریقے سے نکل جائے۔
اس سے قبل اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی نے دہلی پولیس پر یکطرفہ کارروائی کا الزام لگایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی پولیس بغیر اجازت جلوس نکالنے کی اجازت کیوں دی۔ دریں اثنا، اس معاملے میں ملزم اسلم اور انصار کو عدالت نے مزید دو دن کے لیے پولیس کی تحویل میں بھیج دیا ہے، جبکہ دیگر چار ملزمان کو 14 دن کے لیے عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔










