نئی دہلی :(ایجنسی)
ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے ایک وفد نے جس کی قیادت پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے کی جہانگیر پوری کے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا۔واضح رہے کل یہاں ایم سی ڈی نے مبینہ ناجائز تعمیرات کے خلاف بلڈوزر چلائے تھے جس میں بالخصوص ایک کمیونٹی کو نشانہ بنایا گیا ۔اگر چہ پولیس نے کسی کو بھی ان مقامات پر جانے کی اجازت نہیں دی اس کے باوجود وفد نے متاثرین سے ملاقات کی اور انھیں ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔
اس موقع پر ڈاکٹر قاسم رسول الیاس نے وہاں موجود لوگوں سے کہا کہ یہاں جو کچھ ہوا وہ آئین و قانون کے خلاف ہے۔ہمیں متحدہ طور پر اس غیر قانونی طرز عمل کے خلاف آواز اٹھانی ہوگی ۔انھوں نے عام آدمی پارٹی کے اس الزام کو بیہود اور بے بنیاد قرار دیا کہ یہاں بنگلہ دیشی اور روہنگیائی بستے ہیں انھوں نے کہا کہ یہ بی جےپی کے ایجنڈے کو ہی تقویت پہنچانے کی ایک کوشش ہے۔وفد میں دہلی پردیش کے صدر سراج طالب، پردیش سکریٹری عارف اخلاق، عبدالغفار،سرفراز جنید،مختار منڈل اور وسیم احمد نے شرکت کی۔










