ممبئی :(ایجنسی)
این سی پی کے صدر شرد پوار نے کہا ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ دہلی کو فرقہ وارانہ فسادات سے نہیں بچا سکے۔ ہفتہ کی شام مغربی مہاراشٹر کے کولہاپور میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کی ایک ریلی میں پوار نے ہنومان جینتی جلوس کے دوران دہلی کے جہانگیر پوری علاقے میں تشدد کا حوالہ دیا۔ پوار نے کہا، کچھ دن پہلے فرقہ وارانہ کشیدگی کی وجہ سے دہلی جل رہی تھی۔ دہلی میں کیجریوال کی حکومت ہے، لیکن دہلی پولیس مرکزی وزارت داخلہ کے تحت آتی ہے جسے امت شاہ کنٹرول کرتے ہیں۔ شاہ دہلی شہر کو فرقہ وارانہ فسادات سے بچانے میں ناکام رہے۔
پوار نے مزید کہا کہ اگر دہلی میں کچھ ہوتا ہے تو دنیا کو پیغام جاتا ہے۔ دنیا کہے گی کہ دہلی میں بدامنی ہے۔ آپ کے پاس طاقت ہے، لیکن آپ دہلی کو نہیں سنبھال سکتے۔ انہوں نے ہبلی فسادات پر کرناٹک کی بی جے پی حکومت کو بھی نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ ہورڈنگز میں سے ایک پر اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والی دکانوں اور ان کے مالکان کے نام لکھے ہوئے تھے۔ اس پر یہ بھی لکھا تھا کہ لوگ ایسی دکانوں سے چیزیں نہ خریدیں۔ یہ ان ریاستوں میں عام تصویر ہے جہاں بی جے پی اقتدار میں ہے۔










