کابل (ایجنسی)کابل میں ایک کے بعد ایک دھماکوں کی گونج سے راجدھانی لرز اٹھی ہے۔ اس بار وہاں ایک مسجد کو نشانہ بنایا گیا۔ مسجدمیں دھماکے کے نتیجے میں 30 افراد جاں بحق جب کہ 40 سے 50 افراد زخمی بتائے جا رہے ہیں۔ کابل سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان خالد زدران نے تصدیق کی ۔
دھماکے کے وقت موجود لوگوں نے رائٹرز کو بتایا کہ شمالی کابل کے ایک محلے میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ ایمبولینس نے موقع پر پہنچ کر لوگوں کو اسپتال لے جانا شروع کیا۔رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق عینی شاہدین اور پولیس نے بتایا کہ متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس دھماکے میں بہت زیادہ ہلاکتیں ہوئیں۔ تاہم پولیس نے زخمیوں کی تعداد کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی۔








