۔ نئی دہلی: گودھرا کے موجودہ بی جے پی ایم ایل اے نے کہا ہے کہ بلقیس بانو کی عصمت دری کے لئے مجرم قرار دیئے گئے اور گجرات حکومت کے ذریعہ 15 سال کی جیل میں رہنے کے بعد رہا کئے گئے 11 افراد "برہمن” ہیں اور "اچھے اخلاق” کے مالک ہیں۔ مجرموں کی رہائی پر ملک بھر میں غم و غصے کے درمیان، سی کے راؤلجی ان کی حمایت میں سامنے آئے ہیں جنہیں رہائی کے بعد مٹھائیاں اور ہار پہنائے گئے تھے۔این ڈی ٹی وی کے مطابق سی کے راول جی ان دو بی جے پی رہنماؤں میں سے ایک تھے جو گجرات حکومت کے پینل کا حصہ تھے جس نے متفقہ طور پر عصمت دری کرنے والوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا۔
یہ فیصلہ اس وقت لیا گیا جب ایک مجرم نے سپریم کورٹ سے سزا میں رعایت کی درخواست کی اور معاملہ ریاستی حکومت کو سونپ دیا۔ایم ایل اے نے انٹرویو میں مزید کہا، "وہ برہمن ہیں اور برہمن اچھے سنسکار کے لیے جانے جاتے ہیں۔ ہو سکتا ہے کسی کی غلط نیت ہو اور انہیں سزا ملنی چاہیے۔” انہوں نے کہا کہ جیل میں قیام کے دوران مجرموں کا طرز عمل اچھا تھا۔








