نی دہلی، کانگریس کا نیا صدر کون ہوگا اس کو لے کر ابہام ہے۔ کیونکہ پارٹی لیڈر راہل گاندھی نے صدر بننے سے پوری طرح انکار کر دیا ہے۔ ‘دی ہندو’ کے مطابق راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے منگل کو پارٹی صدر سونیا گاندھی سے ملاقات کی۔ اس دوران سونیا گاندھی نے ان سے کانگریس صدر کا عہدہ سنبھالنے پر زور دیا۔ راہل گاندھی گاندھی خاندان سے باہر کے لیڈر کو کانگریس کا صدر بنانے پر زور دے رہے ہیں۔ راہول گاندھی نے 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کی خراب کارکردگی کے بعد صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا اور اس کے بعد سے سونیا گاندھی عبوری صدر کے طور پر یہ ذمہ داری نبھا رہی ہیں۔ حالانکہ اشوک گہلوت کئی بار کہہ چکے ہیں کہ کانگریس کے سبھی لیڈر راہل گاندھی کو صدر کے عہدے پر دیکھنا چاہتے ہیں۔
گہلوت نے پیر کو کہا تھا کہ کانگریس اسی وقت دوبارہ کھڑی ہو سکتی ہے جب راہول گاندھی صدر کے عہدے کی ذمہ داری سنبھالیں گے اور اگر ایسا نہیں ہوا تو لوگ مایوس ہوں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ پارٹی راہول گاندھی کو منانے کی کوشش کرے گی۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن اور سینئر لیڈر ڈگ وجئے سنگھ نے کہا ہے کہ اگر راہول گاندھی پارٹی صدر نہ بننے پر اڑے رہتے ہیں تو کوئی بھی انہیں ایسا کرنے پر آمادہ نہیں کرسکتا۔








