جے پور (ایجنسی)راجستھان کے گورنر کلراج مشرا کے ایک سابق آر ایس ایس پرچارک کی صدارت میں راج بھون میں "رام کتھا” پروگرام منعقد کرنے کے فیصلے پرمختلف حلقوں نے اعتراض کیاہے۔ وجے کوشل مہاراج کی پانچ روزہ رام کتھا 27 اگست کو راج بھون میں شروع ہوئی ہے۔ پروگرام کے ہر روز، وجے کوشل نامی کتھا واچک روزانہ شام 4 بجے سے شام 7 بجے تک رام کتھا پڑھتے ہیں ۔ انڈین ایکسپریس کے مطابق، کوشل کا تعلق اتر پردیش کے ورنداون سے ہےاور وہ پہلے آر ایس ایس پرچارک تھے۔ اخبار نے رپورٹ کیا کہ پہلے دن حاضرین میں بی جے پی کے راجیہ سبھا ایم پی گھنشیام تیواری اور جے پور سے بی جے پی ایم پی رام چرن بوہرا بھی شامل تھے۔ ہفتہ کو تقریب کے آغاز سے قبل راجستھان کے گورنر کلراج مشرا نے بھگوان رام اور رام چرت مانس کی پوجا کی۔
پیپلز یونین فار سول لبرٹیز کی قومی سکریٹری اور راجستھان کی صدر کویتا سریواستو نے ایک بیان میں کہا کہ یہ پروگرام "راج بھون میں مذہبی تقریب منعقد کرنے کے لیے ان کے (مشرا) کے آئینی عہدے کے وقار کے خلاف ہے۔” اس نے گورنر سے اپیل کی کہ وہ جس عہدے پر فائز ہیں اس کے وقار کو برقرار رکھتے ہوئے اور آئینی تقاضوں کے مدنظر
پروگرام کو راج بھون سے باہر منتقل کریں۔ کانگریس کی زیرقیادت ریاستی حکومت نے ابھی تک اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے، پی یو سی ایل نے دعویٰ کیا کہ کانگریس حکومت کا ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن اینڈ براڈکاسٹنگ اس تقریب کو فروغ دے رہا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ واٹس ایپ پیغامات کے ذریعہ بھیجے گئے فنکشن کے دعوت نامے پر سرکاری مہر ہے اور محکمہ اطلاعات اور تعلقات عامہ کی طرف سے پریس ریلیز جاری کی جارہی ہیں۔








