نی دہلی ،دیوگھر :جھارکھنڈ کے دیوگھر ہوائی اڈے پر حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی کرنے پر ایف آئی آر کا سامنا کرنے والے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے نے اب دیوگھر کے ڈپٹی کمشنر کے خلاف بغاوت یعنی راج دروہ کا مقدمہ درج کرایا ہے۔ رکن پارلیمنٹ نے جھارکھنڈ میں اس کارروائی کے لیے دہلی پولیس سے شکایت کی تھی۔ اس شکایت پر، دہلی پولیس نے دیوگھر کے ڈپٹی کمشنر اور جھارکھنڈ پولیس کے افسران پر دیوگھر ایئرپورٹ کے ‘محدود’ علاقے میں داخل ہو کر ‘قومی سلامتی کے ساتھ کھیلنے’ کے لیے راج دروہ کے الزامات عائد کیے ہیں۔جھارکھنڈ کے بی جے پی رکن پارلیمنٹ کی شکایت پر اس سے قبل جھارکھنڈ کے کنڈا پولیس اسٹیشن میں ایم پی نشی کانت دوبے، دہلی بی جے پی ایم پی منوج تیواری سمیت نو لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے بعد یہ کارروائی کی گئی ہے۔
ان لوگوں پر الزام ہے کہ انہوں نے حکام کو دیوگھر ہوائی اڈے پر غروب آفتاب کے بعد چارٹرڈ فلائٹ اتارنے پر مجبور کیا۔اگست میں، وہ اپنے بیٹوں، ایم پی منوج تیواری اور چند دیگر افراد کے ساتھ ہوائی اڈے کے ہائی سیکورٹی ایئر ٹریفک کنٹرول (ATC) روم میں داخل ہوئے تھے۔ بتادیں کہ جھارکھنڈ کے ڈمکا میں انکیتا قتل کیس کے بعد کچھ دن پہلے نشی کانت دوبے، منوج تیواری، دہلی بی جے پی لیڈر کپل مشرا اور کچھ لوگ انکیتا کے اہل خانہ سے ملنے پہنچے تھے۔اس معاملے میں، پولیس نے ہوائی اڈے کی سیکورٹی انچارج سمن انان کی طرف سے درج کرائی گئی شکایت کی بنیاد پر ایف آئی آر درج کی ہے۔ تمام 9 افراد کے خلاف دوسروں کی جان یا حفاظت کو خطرے میں ڈالنے کا مقدمہ درج کیا گیا۔








