نی دہلی( ڈی ڈبلیو )بھارت اور بنگلہ دیش نے منگل چھ ستمبر کے روز دریائے کوشیارا کے پانی کی تقسیم سمیت شعبہ ریلوے میں تربیت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سائنس، خلائی تحقیق اور میڈیا جیسے کئی شعبوں میں تعاون کے متعدد معاہدوں پر دستخط کر دیے۔اس امر کا اعلان وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی بنگلہ دیشی ہم منصب شیخ حسینہ نے نئی دہلی میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا
شیخ حسینہ گزشتہ روز چار روزہ دورہ بھارت پر نئی دہلی پہنچی تھیں اور منگل کے روز انہوں نے بھارتی رہنماؤں سے ملاقات کی۔دونوں رہنماؤں نے باہمی بات چیت کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اس موقع پر کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت تیزی سے بڑھ رہی ہے، ’’ہم نے آئی ٹی، خلائی تحقیق اور جوہری شعبوں میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاور ٹرانسمشن لائنوں کے بارے میں بھی بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان بات چیت جاری ہے۔
‘‘بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے اس موقع پر بھارت کی آزادی کی 75ویں سالگرہ کی مناسبت سے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارت خود انحصاری کے اپنے اہداف کے حصول کے لیے آگے بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا، ’’ہماری بات چیت کے نتائج سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔ آج وزیر اعظم مودی اور میں نے نتیجہ خیز بات چیت کا ایک اور دور مکمل کیا۔ اس کا نتیجہ دونوں ممالک کے لوگوں کے لیے فائدہ مند ہو گا۔
ہم نے یہ ملاقات قریبی دوستی اور تعاون کے جذبے سے کی۔‘‘شیخ حسینہ کا مزید کہنا تھا، ’’بھارت ہمارا دوست ہے۔ میں جب بھی بھارت آتی ہوں، یہ میرے لیے خوشی کی بات ہوتی ہے، خاص طور پر اس لیے کہ ہم ہمیشہ اپنی آزادی کی جنگ کے دوران کیے گئے بھارتی تعاون کو یاد کرتے ہیں۔ ہمارے دوستانہ تعلقات ہیں، ہم ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔‘‘انہوں نے کہا، ’’بھارت اور بنگلہ دیش کے مابین باہمی تعلقات پڑوسی ملکوں کے لیے ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں۔‘‘








