ادے والا (ایجنسی)جموں و کشمیر کے پولیس ڈائریکٹر جنرل (جیل خانہ) ہیمنت لوہیا پیر کی رات دیر گئے جموں کے مضافات میں ادے والا علاقے میں اپنے گھر میں مردہ پائے گئے۔ جن ستا آن لائن کے مطابق ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ پولیس کو ان کے جاسر نامی نوکر کی تلاش ہےجو واردات کے بعد سے فرار ہے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (جموں خطہ) مکیش سنگھ نے بتایا کہ لوہیا جو کہ 1992 بیچ کے آئی پی ایس افسر ہیں، ان کا گلا کٹا ہوا تھا اور ان کے جسم پر جلنے کے نشانات بھی تھے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات قتل کی طرف اشارہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوکر تاحال مفرور ہے اور اس کی تلاش جاری ہے۔
فارنسک اور کرائم انویسٹی گیشن ٹیم نے لوہیا کے گھر کا بھی معائنہ کیا ہے۔سنگھ نے کہا کہ مشتبہ شخص نے ہیمنت لوہیا کی لاش کو آگ لگانے کی بھی کوشش کی۔ لوہیا کو اگست میں یونین ٹیریٹری کے جیل خانہ جات کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر ترقی دے کر مقرر کیا گیا تھا۔ پولیس سربراہ نے کہا کہ جائے وقوعہ پر ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ لوہیا نے اپنی ٹانگ پر کچھ تیل لگایا ہو گا جس میں کچھ سوجن دکھائی دے رہی تھی۔








