نئ دہلی سپریم کورٹ نے اتراکھنڈ اور دہلی حکومتوں سے جواب مانگا ہے کہ گزشتہ سال ریاست اور قومی دارالحکومت میں منعقدہ دھرم سنسد میں نفرت پر مبنی تقریریں کرنے والوں کے خلاف پولیس نے کیا کارروائی کی ہے۔ جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ اور جسٹس ہیما کوہلی کی بنچ نے کارکن تشار گاندھی کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے یہ حکم جاری کیا۔
اپنی درخواست میں تشار گاندھی نے نفرت پھیلانے والے تقریروں اور لنچنگ کو روکنے کے لئے مقررہ گائیڈلائنس کے مطابق اس مدعے پر کوئی قدم نہیں اٹھانے کے لئے سینئر پولیس عہدیداروں کے خلاف توہین کرنے کی کارروائی کی مانگ کی ہے۔بنچ نے کہا کہ اس مرحلے پر وہ توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری نہیں کر رہا ہے، بلکہ وہ صرف اتراکھنڈ اور دہلی سے جواب مانگ رہا ہے کہ دھرم سنسد میں دی گئی نفرت انگیز تقریر کے سلسلے میں کیا کارروائی کی گئی ہے۔
اس میں کہا گیا ہے کہ اتراکھنڈ اور دہلی دونوں حلف نامہ داخل کریں گے اور حقائق پر مبنی پوزیشن اور کی گئی کارروائی کو بیان کریں گے۔ بنچ نے یہ بھی نوٹ کیا کہ نئے مقرر کردہ اٹارنی جنرل آر وینکٹ رمنی نے حال ہی میں چارج سنبھالا ہے اور اس مسئلہ پر غور کرنے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔








