ممبئی: ہندوتوا کے نظریہ ساز ونائک دامودر ساورکر کے پوتے نے جمعرات کو کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے خلاف مبینہ طور پر ساورکر کی "توہین” کرنے کا مقدمہ درج کرایا۔ پولیس نے یہ اطلاع دی۔
دی نیو انڈین ایکسپریس (The new Indian Express)نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئ کے حوالے سے بتایا کہ آنجہانی ساورکرکے پوتے رنجیت ساورکر نے یہاں کے شیواجی پارک پولیس اسٹیشن میں درج کرائی گئی شکایت میں یہ مطالبہ بھی کیا کہ مہاراشٹر کانگریس کے سربراہ نانا پٹولے پر بھی ایسا ہی بیان دینے پر مقدمہ درج کیا جائے۔
ایک پولیس افسر نے بتایا کہ ابھی تک کوئی ابتدائی اطلاع درج نہیں کی گئی ہے۔
واضح ہو کہ راہل گاندھی نے جمعرات کو اپنی بھارت جوڑو یاترا کے دوران ساورکر کو نشانہ بناتے ہوئے ان پر انگریزوں کی مدد کرنے اور خوف کی وجہ سے رحم کی درخواستیں لکھنے کا الزام لگایاتھا
مہاراشٹر کے اکولا ضلع کے وڈیگاؤں میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، راہل گاندھی نے 1920 کے سرکاری ریکارڈ سے دستاویزات دکھائے، جن میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ ساورکر کا انگریزوں کو لکھا گیا خط تھا۔
ایک پولیس افسر نے کہا، "کوئی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی ہے۔ ہم مزید تفتیش کر رہے ہیں۔”








