نئ دہلی : مختلف سنگین الزامات کے تحت جیل میں بند شرجیل امام نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے اور دہلی ہائی کورٹ کی طرف سے دہلی فساد کی سازش کیس میں ایک اور ملزم عمر خالد کو ضمانت دینے سے انکار کرتے ہوئے ان کے (شرجیل) بارے میں دیے گئے مشاہدات اور ریمارکس کو خارج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مکتوب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ عمرخالد ،شرجیل کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھا، جو مبینہ طور پر "سازش کا سرغنہ” تھا۔شرجیل نے سپریم کورٹ میں خصوصی اجازت کی درخواست دائر کی، جس میں 18 اکتوبر کے ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کیا گیا ہے، جس میں حکم پر عبوری طور پر روک لگانے کی درخواست کی گئی۔امام نے کہا کہ یہ ریمارکس سپریم کورٹ کے وضع کردہ قانون کی مکمل خلاف ورزی کرتے ہوئے کیے گئے ہیں۔ امام نے کہا کہ وہ ایسے ریمارکس سے پریشان ہیں کیونکہ اس سے منصفانہ ٹرائل کا ان کا حق سلب ہو جاتا ہے۔
اسٹوڈنٹ لیڈر نے یہ بھی دلیل دی کہ عمر خالد کے ساتھ ان کی ضمانت کی درخواست پر کسی بھی وقت سماعت نہیں ہوئی اور یہ ہدایت مانگی کہ ہائی کورٹ میں زیر التواء ان کی اپیل قابل اعتراض ریمارکس سے متاثر ہوئے بغیر سنی جائے۔








