نئ دہلی:گجرات اسمبلی انتخابی مہم کے دوران وزیر داخلہ امت شاہ کے مبینہ ریمارک کہ ‘2002 میں سبق سکھایا’ کو الیکشن کمیشن نے غلط نہیں سمجھا ہے۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ اس تبصرہ سے ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ (MCC) کی خلاف ورزی نہیں ہوئی۔
واضح ہوگزشتہ 25 نومبر کو ایک ریلی میں انتخابی مہم کے دوران امت شاہ نے کہا تھا کہ 2002 میں بی جے پی حکومت نے فسادیوں کو سبق سکھایا تھا۔ شاہ کے بیان کے بعد ریٹائرڈ بیوروکریٹ ای اے ایس سرما نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر الزام لگایا تھا کہ وزیر داخلہ کی تقریر ماڈل ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ شکایت کی جانچ کی گئی اور گجرات کے چیف الیکٹورل آفیسر سے رپورٹ طلب کی گئی۔ ایک ذریعہ نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے پایا کہ وزیر داخلہ کسی خاص کمیونٹی کو نہیں بلکہ ’’شرپسندوں‘‘ کو سبق سکھانے کی بات کر رہے ہیں۔ شکایت کنندہ سرما نے جمعہ کو کہا کہ انہیں اپنی شکایت کے ساتھ ساتھ الیکشن کمیشن کو لکھے گئے دو خطوط کا کوئی جواب نہیں ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو اپنا فیصلہ اپنی ویب سائٹ کے ذریعے عام کرنا چاہیے کیونکہ یہ حق اطلاعات قانون کے تحت ایک عوامی اتھارٹی ہے اور اسے از خود انکشافات کرنے کی ضرورت ہے۔








