کانپور: اترپردیش میں سردی کی لہر دن بہ دن جان لیوا ہوتی جارہی ہے۔ کانپور میں جمعرات کو دل کا دورہ پڑنے اور برین اسٹروک سے 25 لوگوں کی موت ہو گئی۔ ان میں سے 17 افراد طبی امداد ملنے سے پہلے ہی دم توڑ گئے۔ ڈاکٹروں کے مطابق سردی میں بلڈ پریشر میں اچانک اضافہ اور خون جمنا ہارٹ اٹیک اور برین اٹیک کا باعث بن رہا ہے۔ کانپور میں ایک دن پہلے کم از کم درجہ حرارت 2 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا تھا۔ ٹھنڈی ہواؤں کے باعث پورے شہر میں نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے کنٹرول روم کے مطابق جمعرات کو ایمرجنسی اور او پی ڈی میں 723 دل کے مریض آئے۔ ان میں سے 41 مریضوں کی حالت تشویشناک تھی، انہیں داخل کرایا گیا۔ تشویشناک حالت میں اسپتال میں زیر علاج دل کے سات مریض سردی کے باعث دم توڑ گئے۔ اس کے علاوہ ایمرجنسی میں 15 مریضوں کو مردہ حالت میں لایا گیا۔








