پٹنہ:جے ڈی یو اور آر جے ڈی کے درمیان تنازعہ، جو بہار میں حکمراں اتحاد میں شامل ہیں، ہفتہ کو اس وقت بڑھ گیا جب جے ڈی یو کے ترجمان نیرج کمار اور ان کے حامیوں نے ہنومان مندر کے باہر تلسی داس کی تحریر کردہ رام چرت مانس کی کچھ چو پائی پڑھیں۔
ٹائمز آف انڈیا (TIMES OF INDIA)میں شائع ہونے والی ایک خبر کے مطابق، انہوں نے 16ویں صدی میں لکھی گئی رام چرت مانس پر ریاستی وزیر تعلیم چندر شیکھر کے تبصرے کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے مندر کے باہر چوپائیوں کو پڑھا ۔
اخبار لکھتا ہے کہ جے ڈی یو لیڈر اوپیندر کشواہا نے رام چرت مانس پر چندر شیکھر اور آر جے ڈی ایم ایل اے سدھاکر سنگھ کے متنازعہ ریمارکس پر آر جے ڈی قیادت کی خاموشی پر سوال اٹھایا ہے۔
کشواہا نے کہا ہے کہ چندر شیکھر اور سدھاکر اس طرح کے متنازعہ بیانات دے کر براہ راست بی جے پی کو فائدہ پہنچا رہے ہیں۔اس سے قبل چندر شیکھر، جنہوں نے نالندہ اوپن یونیورسٹی کے ایک پروگرام میں حصہ لیا، دعویٰ کیا کہ "رام چرت مانس اور منوسمرتی نے دلتوں، پسماندہ طبقات اور خواتین کو تعلیم سے محروم کرنے کی بات کرکے سماج میں نفرت پھیلائی ہے۔”
ہفتہ کو جے ڈی یو کے ترجمان نیرج کمار نے اخبار کو بتایا، "رام چرت مانس اس ملک کی وراثت ہے۔ کوئی بھی اس عظیم کتاب کو رد نہیں کر سکتا۔ اپنے وقت کے عظیم ماہر سماجیات رام منوہر لوہیا بھی اپنی زندگی میں رامائن میلے کا اہتمام کیا کرتے تھے۔”
اخبار لکھتا ہے کہ چندر شیکھر کے ریمارکس کے بعد نہ صرف ریاست میں حکمراں اتحاد کے اندر اختلافات کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں بلکہ آر جے ڈی کے اندر بھی اس کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں۔
جہاں آر جے ڈی کے ریاستی صدر جگدانند سنگھ نے چندر شیکھر کی حمایت کی، پارٹی کے سینئر لیڈر شیوانند تیواری نے ان پر تنقید کی اور ان پر پارٹی کی شبیہ کو خراب کرنے کا الزام لگایا۔
انہوں نے کہا کہ چندر شیکھر کی حمایت کرنا جگدانند کا ذاتی معاملہ ہے، پارٹی کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے اور ڈپٹی سی ایم کے سامنے اس پر بات ہونی چاہئے۔








