رام پور: سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اعظم خان کے جوہر ٹرسٹ کے زیر انتظام رام پور پبلک اسکول کی عمارت کو حکومت کی جانب سے لیز منسوخ کرنے کے بعد خالی کرنے کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ ایس ڈی ایم صدر نرنکر سنگھ نے کہا کہ حکومت کی طرف سے محکمہ اقلیتی بہبود کو ایک خط جاری کیا گیا ہے جس میں بے قاعدگیوں کی وجہ سے اعظم خان کے جوہر ٹرسٹ کی لیز کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ضلع مجسٹریٹ نے 4 افراد پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی تھی۔
حکومت کے خط کو دیکھتے ہوئے کمیٹی نے جوہر ٹرسٹ کے منیجر کو رام پور پبلک اسکول کی عمارت خالی کرنے کا نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ سنگھ نے کہا کہ اس سلسلے میں 15 فروری کو نوٹس جاری کیا گیا تھا اور عمارت کو خالی کرنے کے لیے 15 دن کا وقت دیا گیا ہے۔ بتادیں کہ رام پور میں جیل روڈ کی سرکاری عمارت کو اس وقت کی ایس پی حکومت نے اعظم خان کے جوہر ٹرسٹ کو 99 سال کے لیے 100 روپے سالانہ کے حساب سے لیز پر دیا تھا۔








