سپریم کورٹ میں کانگریس پارٹی لیڈر پون کھیڑا سے متعلق کیس کی سماعت مکمل ہو گئی ہے۔ سپریم کورٹ نے پون کھیڑا کو راحت دیتے ہوئے انہیں عبوری ضمانت دینے کی ہدایت دی ہے۔جن ستا کے مطابق سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ جب تک پون کھیڑا باقاعدہ ضمانت کے لیے درخواست نہیں دیتے، انہیں گرفتار نہ کیا جائے۔ قبل ازیں سپریم کورٹ میں سینئر ایڈوکیٹ ابھیشیک منو سنگھوی نے پون کھیڑا کی گرفتاری کے خلاف بحث کی۔ انہوں نے کہا کہ پون کھیڑا کی غلطی سے زبان پھسل گئی۔
اس سے پہلے دہلی ہوائی اڈے پر پون کھیڑا کی اچانک گرفتاری پر سیاسی ہلچل شروع ہو گئی۔ پون کھیڑا دیگر پارٹی رہنماؤں کے ساتھ کانگریس کے اجلاس میں شرکت کے لیے چھتیس گڑھ کے دارالحکومت رائے پور جا رہے تھے جب انھیں گرفتار کر لیا گیا۔ یہ اجلاس 24 سے 26 فروری تک جاری رہے گا۔ گرفتاری کے فوراً بعد پون کھیڑا نے میڈیا سے کہا، ’’ہم دیکھیں گے کہ وہ ہمیں کس معاملے میں لے جا رہے ہیں۔ یہ ایک طویل جنگ ہے اور ہم لڑنے کے لیے تیار ہیں۔‘‘








