کانگریس صدر نے پارٹی لیڈران سے اپیل کی کہ وہ کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کریں اور اجتماعی طور پر فیصلہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ جو آپ کی رائے بنے گی، وہی میری اور سب کی رائے ہوگی۔
شہید ویر نارائن سنگھ نگر، نیا رائے پور میں کانگریس کے 85 ویں جنرل کنونشن کے موقع پر منعقد ہونے والے اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں پارٹی لیڈران کا استقبال کرتے ہوئے کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ وہ یہ بتانا ضروری سمجھتے ہیں کہ راہل گاندھی کی کنیا کماری سے کشمیر تک ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے دوران ملک بھر میں جو توانائی پیدا ہوئی اور مہنگائی، بے روزگاری اور اقتصادی معاملات پر جس طرح بیدائی پیدا ہوئی، اس جوش کو ہمیں برقرار رکھنا ہے۔
کانگریس صدر نے مزید کہا ’’ہمارا کنونشن ایسے وقت میں منعقد ہو رہا ہے جب اس ملک کو بہت سے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔جمہوریت اور آئین کو خطرہ ہے۔ پارلیمانی ادارے بھی شدید بحران کا شکار ہیں۔ سیاسی سرگرمیوں پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں ہمیں بہت سوچنا ہوگا اور حقائق کے ساتھ اپنے خیالات کو آگے بڑھانا ہوگا کیونکہ پورے ملک کی نظریں اس کنونشن پر لگی ہوئی ہیں۔‘‘








