نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعہ کو اس عرضی پر فوری سماعت کرنے سے انکار کر دیا جس میں کرناٹک کے پری یونیورسٹی کالجوں میں طالبات کو حجاب پہن کر سالانہ امتحانات میں شرکت کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ ایک خاتون وکیل نے چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی والی بنچ کے سامنے اس معاملہ کا تذکرہ کیا تھا۔ وکیل نے کہا کہ پانچ دن بعد امتحان ہے اس لئے عرضی پر فوری سماعت کی جانی چاہئے۔
بنچ نے وکیل سے کہا کہ آپ آخری تاریخ کو آئیں گے تو ہم کیا کر سکتے ہیں؟ چیف جسٹس نے کہا کہ ہولی کی تعطیلات کے بعد اس معاملے کی سماعت کے لئے نئی بنچ تشکیل دی جائے گی۔ خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے 22 فروری کو کرناٹک میں پری یونیورسٹی کالجوں کو حجاب پہن کر سالانہ امتحانات میں شرکت کی اجازت دینے کی عرضی پر غور کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔
عرضی گزاروں کی طرف سے پیش ہونے والے ایڈوکیٹ شادان فراست نے چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ سے استدعا کی کہ طالبات کو 9 مارچ سے شروع ہونے والے سرکاری کالجوں کے سالانہ امتحانات میں شرکت کرنا ہے۔ سپریم کورٹ نے وکیل سے پوچھا کہ انہیں امتحان دینے سے کیوں روکا جا رہا ہے؟ وکیل نے بتایا کہ حجاب پہننے کی وجہ سے۔ انہوں نے کہا کہ طالبات کا ایک سال پہلے ہی ضائع ہو چکا ہے اور اگر کوئی ریلیف نہ دیا گیا تو وہ ایک اور سال کھو دیں گی۔








