اتحاد ملت کونسل کے قومی صدر مولانا توقیر رضا نے ہندو راشٹر کی بحث کے درمیان اب ایک متنازعہ بیان دیا ہے اور مسلم راشٹر کی بات کی ہے۔ اتوار کو انہوں نے کہا کہ ہندو راشٹر کی بات کرنے والوں پر غداری کا مقدمہ چلنا چاہئے۔ اگر اسی طرح مسلمان بھی ایک دن مسلم راشٹرکا مطالبہ کرنے لگیں تو کیا ہوگا؟ یہ بات انہوں نے مرادآباد میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس دوران انہوں نے پی ایم نریندر مودی کو بھی نشانہ بنایا۔
انہوں نے پی ایم نریندر مودی کو دھرتراشٹر کہا کیونکہ انہوں نے ‘وارث پنجاب دے’ کے سربراہ امرت پال سنگھ کی جانب سے خالصتان کے حالیہ مطالبات کی مذمت نہیں کی ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مسلمانوں کو مارنے والوں کو اکثر مودی حکومت کی حمایت حاصل ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اتر پردیش میں صرف مسلمان ہی بلڈوزر کا شکار کیوں ہو رہے ہیں۔ مولانا نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ صدر مملکت ان کی تجاویز کو سنجیدگی سے لیں گی۔ صدر مملکت سے درخواست کی گئی ہے کہ ملک میں ہندو مسلم کے نام پر فساد پھیلانے والوں کو سخت سزا دی جائے۔








