کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے رکن پارلیمنٹ کے طور پر ملا اپنا سرکاری بنگلہ آج پوری طرح خالی کر دیا۔ راہل گاندھی کو مودی سر نیم معاملے میں قصوروار قرار دیتے ہوئے عدالت نے انھیں لوک سبھا کی رکنیت سے منسوخ قرار دیا تھا۔ ان کی پارلیمانی رکنیت جانے کے بعد سرکاری بنگلہ خالی کرنے کے لیے کہا گیا تھا اور آج 22 اپریل کو بنگلہ خالی کرنے کی آخری تاریخ تھی۔ دی گئی تاریخ کا خیال رکھتے ہوئے راہل گاندھی نے 22 اپریل کو 12 تغلق لین واقع اپنا سرکاری بنگلہ خالی کر دیا۔ فی الحال وہ اپنی ماں سونیا گاندھی کے ساتھ رہ رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 21 اپریل کو راہل گاندھی سرکاری بنگلہ سے اپنا سامان منتقل کرتے ہوئے دیکھے گئے تھے۔ آج اس بنگلے کی چابی انھوں نے سرکاری افسر کے حوالے کر دی۔ اس دوران پرینکا گاندھی وڈرا بھی ان کے ساتھ دکھائی دیں۔ پرینکا گاندھی نے اس موقع پر کہا کہ اس طرح کی کارروائی سے راہل گاندھی ڈریں گے نہیں اور عوامی ایشوز اٹھاتے رہیں گے۔







