نئی دہلی:مرکز جماعت اسلامی ہند نئی دہلئ میں منعقد مرکزی مجلس نمائندگان کے حالیہ اجلاس میں جماعت اسلامی ہند کی قیادت کے لیےایک بار سید سعادت اللہ حسینی کا انتخاب عمل میں آیا ہے. مرکزی قیادت کا یہ انتخاب چار سالہ میقات کے لیے ہوتا ہے۔ ہندوستان میں پہلے امیر مولانا ابواللیث اصلاحی ندوی مرحوم ہوئے، مولانا ابواللیث صاحب 1948 سے 1972 تک چوبیس سال امیر جماعت رہے۔ اس کے بعد مولانا محمد یوسف مرحوم امیر جماعت منتخب ہوئے اور آپ نو سال تک یعنی 1972 سے 1981 تک امیر جماعت رہے۔ 1981 میں مولانا ابواللیث اصلاحی مرحوم کو دوبارہ امیر جماعت منتخب کیا گیا، آپ 1990 تک امیر جماعت اسلامی ہند رہے۔ 1990 سے 2003 تک مولانا محمد سراج الحسن مرحوم جماعت اسلامی کے امیر رہے۔ 2003 سے 2007 تک ڈاکٹر عبدالحق انصاری مرحوم امیر جماعت رہے۔ 2007 سے 2019 تک مولانا سید جلال الدین عمری مرحوم امیر جماعت رہے۔ 2019 میں محترم جناب سید سعادت اللہ حسینی حفظہ اللہ کو امیر جماعت منتخب کیا گیا، اور آج جماعت اسلامی ہند کی مرکزی مجلس نمائندگان نے آئندہ چار سالہ میقات کے لیے دوبارہ آپ کو امارت کے لیے منتخب کیا ہے۔
واضح ہو سید سعادت اللہ حسینی 2015 تا 2019 کی میقات میں جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر رہے، اس سے پہلے بھی آپ جماعت کے مختلف اداروں اور شعبوں کی ذمہ داریاں سنبھالتے رہے ہیں۔







