نئی دہلی: سپریم کورٹ خواتین پہلوانوں کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے معاملے کی مزید سماعت نہیں کرے گی۔ خواتین پہلوانوں کی درخواست پر سماعت ختم کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے کہا کہ اس معاملے میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ سپریم کورٹ کی سماعت کا مقصد ایف آئی آر سے متعلق تھا جو مکمل ہو چکی ہے۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ، جسٹس پی ایس نرسمہا اور جسٹس جے بی پاردی والا کی بنچ نے کہا کہ دو سیشنوں میں خواتین پولیس کی موجودگی میں پولیس نے متاثرہ کے بیانات قلمبند کئے ہیں۔
سپریم کورٹ نے دہلی پولیس کے اس بیان کو ریکارڈ پر لیا کہ جلد ہی مجسٹریٹ کے سامنے بیانات دلوائے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی دہلی پولیس نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ جنتر منتر پر احتجاج کرنے والی چھ خواتین پہلوانوں کی حفاظت کے لیے تمام انتظامات کر لیے گئے ہیں۔
جنتر منتر پر ہنگامہ آرائی پر دہلی پولیس نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ ایک سیاسی پارٹی کے دو لیڈر رات کو بستر وغیرہ کے ساتھ پہنچے تھے اور انہیں روکنے کی کوشش کی گئی۔ اس معاملے میں ہاتھا پائی ہوئی۔ ہم پارٹی کا نام نہیں لیں گے، پولیس والوں میں سے کسی نے شراب نہیں پی تھی۔
ساتھ ہی سپریم کورٹ نے معاملے کی نگرانی ریٹائرڈ جج سے کرانے کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی شکایت ہے تو آپ نچلی عدالت میں جا سکتے ہیں۔ متاثرین ہائی کورٹ بھی جا سکتے ہیں۔







