چندولی: چندولی کے ایک اسکول کے ایک مسلم طالب علم نے اتر پردیش سیکنڈری سنسکرت ایجوکیشن کونسل، لکھنؤ کے ذریعہ منعقدہ یوپی سنسکرت بورڈ کے امتحان میں ٹاپر بن کر تاریخ رقم کی ہے۔ اتر مدھیما یعنی انٹرمیڈیٹ کے طالب علم عرفان نے 82.72 فیصد نمبر حاصل کر کے پورے اتر پردیش میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ عرفان کی اس کامیابی کا خوب چرچا ہو رہا ہے اور اس سکول کے اساتذہ بھی بہت خوش ہیں۔
عرفان کو سنسکرت کے مضمون میں بہت کم نمبر ملے ہیں لیکن اس کے باوجود عرفان کے دوسرے مضامین میں اچھے نمبر ہیں۔ اس کے نتیجے میں عرفان نے اتر پردیش سیکنڈری سنسکرت ایجوکیشن کونسل کے ذریعہ منعقدہ اتر مدھیما یعنی انٹرمیڈیٹ امتحان میں پوری ریاست میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔عرفان کے سکول کے اساتذہ کے مطابق وہ پڑھنے لکھنے میں بہت ذہین لڑکا ہے اور اس کی لکھاوٹ بھی بہت خوبصورت ہے۔ اساتذہ نے یہ بھی بتایا کہ عرفان مستقبل میں استاد بننا چاہتا ہے۔ جاری کردہ نتائج میں بلیا کے شیو دیال گپتا دوسرے اور پرتاپ گڑھ کے وکاس یادو تیسرے نمبر پر رہے۔







