ہاسلام آباد: ہم نے کبھی سعودی عرب کو اپنا دشمن نہیں سمجھا اور اسرائیل تمام مسلم ممالک کا مشترکہ دشمن ہے۔
العربیہ نیٹ نے ایران کے سرکاری میڈیا کے حوالہ سے بتایا کہ صدرابراہیم رئیسی نے پاکستان کے وزیراعظم شہبازشریف سے جمعرات کوملاقات میں کہاکہ ’’ہم نے کبھی سعودی عرب کو اپنا دشمن نہیں سمجھا۔اسلامی جمہوریہ ایران کی اصولی پالیسی کی بنیاد پرہم صہیونی نظام کو عالم اسلام کا مشترکہ دشمن سمجھتے ہیں‘‘۔
سعودی عرب اورایران نے مارچ میں چین کی ثالثی سفارتی تعلقات بحال کرنے کے معاہدے کااعلان کیا تھا اور دونوں ملکوں نے سات سال کے وقفے کے بعد دوطرفہ تعلقات بحال کیے تھے۔اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے ہاں سفارت خانے اور قونصل خانے دوبارہ کھولنے اور 20 سال قبل طے شدہ سکیورٹی اور اقتصادی تعاون کے معاہدوں پرعمل درآمد پراتفاق کیا تھا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے 2016ء میں تہران میں اپنے سفارت خانے اور مشہد میں قونصل خانے پر ایرانی حکومت کے حامی مظاہرین کے حملے کے بعد ایران کے ساتھ سیاسی اور سفارتی تعلقات منقطع کردیے تھے۔
گذشتہ ہفتے ایران کے وزیرخزانہ نے جدہ کا دورہ کیا تھا۔یہ الریاض اور تہران کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی پر اتفاق کے بعد کسی ایرانی عہدہ دار کا سعودی عرب کا پہلا دورہ تھا۔







