خود کو پی ایم او کا عہدیدار بتا کر دھوکہ دہی اور ٹھگی کرنے والے کرن پٹیل کی مشکلیں بڑھتی ہی جارہی ہیں۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے ہفتہ کو کہا ہے کہ ٹھگ کرن پٹیل کے خلاف اس نے گجرات میں ایک درجن سے مقامات پر تلاشی لی۔ اس پر جموں کشمیر انتظامیہ کو گمراہ کرنے کے لیے پی ایم او عہدیدار کے طور پر لوگوں کو ٹھگنےکا الزام ہے۔
ایجنسی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 19 مئی کو کیے گئے تلاشی مہم میں غیر منقولہ جائیدادوں سے متعلق دستاویزات کے علاوہ انتہائی قابل اعتراض مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر اور دیگر جگہوں پر اس کی سرگرمیوں کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔ ای ڈی نے الزام لگایا کہ پٹیل نے مجرمانہ ارادے کے ساتھ اعلیٰ سطحی جعلسازی کا استعمال کرتے ہوئے خود کو ڈاکٹر کرن پٹیل، ایڈیشنل ڈائرکٹر، پی ایم او (حکمت عملی اور آپریشنز) کے طور پر ظاہر کیا، جو پی ایم او میں خدمات انجام دینے والے ایک سینئر سرکاری افسر ہیں۔ دراصل جموں و کشمیر پولیس نے اس کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی۔ جس کی بنیاد پر ای ڈی نے کارروائی شروع کر دی ہے۔







