نئی دہلی: دہلی کی ککڑڈوما کورٹ نے 2020 دہلی فسادات کیس میں باپ بیٹے کو سزا سنائی ہے۔ عدالت نے باپ مٹھن سنگھ اور بیٹے جانی کمار کو 3 سال قید بامشقت اور بیٹے کو 7 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ اے بی پی نیوز کے مطابق ککڑڈوما عدالت نے سزا سناتے ہوئے سخت آبزرویشن دیتے ہوئے کہا کہ بیٹے کو سیدھا راستہ دکھانے کے بجائے باپ نے ہی اس گھناؤنے فعل کا ارتکاب کیا۔
ککڑڈوما کورٹ نے ریمارکس دیے کہ فرقہ وارانہ فسادات عوامی انتشار کی سب سے زیادہ پرتشدد شکل ہیں جو معاشرے کو متاثر کرتے ہیں۔ عدالت نے کہا کہ فرقہ وارانہ فساد ایک خطرہ ہے، جو ہمارے ملک کے شہریوں میں بھائی چارے کے جذبات کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ کھجوری خاص پولیس نے ان دونوں ملزمان کے خلاف دو ایف آئی آر درج کی تھیں۔
عدالت نے کہا کہ فرقہ وارانہ فسادات نہ صرف جان و مال کا نقصان کرتے ہیں بلکہ سماجی تانے بانے کو بھی کافی نقصان پہنچاتے ہیں۔ ایڈیشنل سیشن جج پلستیہ پرماچل کی عدالت نے متھن سنگھ اور اس کے بیٹے جانی کمار کو دفعہ 147 (فساد) اور دفعہ 436 (گھر کو تباہ کرنے کے ارادے سے آگ یا دھماکہ خیز مواد کا غلط استعمال) کے تحت مجرم قرار دیا۔
عدالت نے مجرموں کے وکیل کی اس دلیل کو بھی مسترد کر دیا کہ عدالتیں صرف کیس کا فیصلہ کرنے کے لیے ہیں معاشرے کو پیغام دینے کے لیے نہیں۔ عدالت نے حکم نامے میں کہا کہ عدالت سزا کا فیصلہ کرتے وقت معاشرے کی نفسیات کو مدنظر رکھتی ہے۔







