نئی دہلی(خاص خبر)جیسے کہ توقع تھی مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کو اتفاق رائے سے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا صدر منتخب کر لیا گیا -روزنامہ خبریں کی پیش گوئی ایک بار پھر درست ثابت ہوئی ،اس نے اپنے ذرائع کے حوالے سے پہلے ہی بتادیا تھا کہ مولانا رحمانی ہی صدر بنیں گے ۔بورڈ کے زیادہ تر ارکان کی غیر رسمی مشاورت میں ان کے نام پر گفتگو ہوچکی تھی آج اس پر مہر لگ گئی-
اندور سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بورڈ کی صدارت کے لئے مولانا محمد سفیان قاسمی صاحب (مہتمم دارالعلوم موقف دیوبند) کی جانب سے مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب کا نام پیش کیا گیا ہے، جس کی تمام تنظیموں جمعیۃ علماء ہند، جماعت اسلامی ، جمعیۃ اہل حدیث کے ساتھ مولانا توقیر رضا خان، مولانا محمود مدنی، مولانا شاہد حسنی سمیت تقریباً ۲۵ سے زائد سرکردہ ممبران نے تائید وحمایت کی، ـ ان کے علاوہ مولانا محمود احمد خاں دریابادی، مولانا سجاد نعمانی، ڈاکٹر ظہیر قاضی وغیرہ نے بھی تائید کی۔ اس تائید وحمایت کے بعد اتفاق رائے سے اراکین نے مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کو بورڈ کا پانچواں صدر منتخب کرلیا۔ اجلاس میں مولانا فضل رحیم مجددی، مولانا سفیان قاسمی، امیر جماعت سید سعادت اللہ حسینی ،مولانا احمد ولی فیصل رحمانی، ممبر پارلیمنٹ اسدالدین اویسی ، ڈاکٹر قاسم رسول الیاس سمیت دیگر عاملہ اراکین ومدعوئین موجود تھے۔مولانا ارشد مدنی ناسازی طبع کے سبب اجلاس میں شرکت سے معذرت کرچکے تھے
بورڈ میں منتخب عہدیداران کے نام
صدر: مولانا خالد سیف اللہ
رحمانی صاحب
جنرل سیکرٹری : مولانا فضل الرحیم مجددی سیکریٹریز: مولانا عمرین محفوظ رحمانی
مولانا سید بلال حسینی صاحب
مولانا یسین علی عثمانی صاحب
مولانا احمد فیصل رحمانی صاحب
ترجمان: ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس
معاون ترجمان: کمال فاروقی صاحب







