امپھال: منی پور کی راجدھانی امپھال میں اتوار کو ہجوم نے ایک ایمبولینس میں آگ لگا دی جس میں ککی شخص سے شادی کرنے والی ایک موئتی خاتون، اس کے بیٹے اور ایک رشتہ دار کے مارے جانے کا خدشہ ہے۔ متاثرہ کے گاؤں کے رشتہ داروں اور مکینوں نے ‘دی انڈین ایکسپریس’ کو یہ جانکاری دی۔
نیوز١٨کے مطابق حملہ اس وقت ہوا جب ایمبولینس بچے کو اسپتال لے جا رہی تھی اور پولیس اہلکار کے ذریعے گاڑی کو ایسکارٹ کیا جا رہا تھا۔ یہ واقعہ لامفیل پولیس اسٹیشن کے تحت امپھال ویسٹ کے ایروسیمبا علاقے میں پیش آیا۔ اسٹیشن کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ گاڑی میں اتوار کی شام تقریباً 7 بجے آگ لگ گئی۔
انہوں نے کہا کہ ’’ہم گاڑی کے اندر سے صرف کچھ ہڈیاں ہی برآمد کر سکے۔‘‘ اس معاملے میں پولیس نے اسی رات ایک ایف آئی آر بھی درج کی ہے، جس میں قتل سے متعلق دفعات بھی شامل ہیں۔ ضلع کانگ پوکپی کے گاؤں کانگ چپ چنگ کھوک کے رہائشیوں کے مطابق، تینوں مرنے والوں میں مینا پھانسی، اس کا بیٹا ٹامشنگ – جس کی عمر 7 سال سے کم تھی- اور مینا کی رشتہ دار لیڈیا لورممبا ہیں۔







