امریکی سینیٹ نے شہری حقوق کی وکیل نصرت چودھری کی نیو یارک کے مشرقی ضلع کے یو ایس ڈسٹرکٹ کورٹ کی جج کے طورپر توثیق کر دی ہے جس کے بعد وہ امریکہ کی پہلی بنگلہ دیشی امریکی اور پہلی وفاقی مسلم خاتون جج بن گئی ہیں۔
الی نوئے کی امیریکن سول لبرٹیز یونین (ACLU) کی لیگل ڈائریکٹر، 47 سالہ بنگلہ دیشی نژاد امریکی وکیل نصرت چودھری کی توثیق 49 کے مقابلے میں 50 ووٹوں سے ہوئی۔
نصرت چودھری نے اس سے پیشتر اپنی پروفیشنل زندگی کا بیشتر حصہ الی نوئے کی نیشنل امیریکن سول لبرٹیز یونین کے ساتھ گزارا جہاں انہوں نے نسلی انصاف اور قومی سلامتی کے مسائل پر کام کیا۔ وہ 2018 سے 2020 تک ادارے کے نسلی انصاف پروگرام کی ڈپٹی ڈائریکٹر رہیں۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے جنوری 2022 میں انہیں وفاقی بنچ کے لئے نامزد کیا تھا۔
سینیٹ میں ڈیموکریٹک پارٹی کے لیڈر چک شومر نے ایک بیان میں کہا کہ نصرت چودھری کے "ایک باصلاحیت اور شہری حقوق کے لیے وقف وکالت کے تجربے نے انھیں وفاقی بنچ میں دیانتداری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ خدمات انجام دینے کے لیے تیار کیا ہے، اور وہ حقائق کی پیروی کریں گی اور وہ غیر جانبداری اور قانون کی بالا دستی کے ساتھ انصاف فراہم کریں گی "۔







