نئی دہلی: ناگالینڈ میں ایک تنظیم نے خبردار کیا ہے کہ اگر ریاستی اسمبلی نے مرکز کے دباؤ کے سامنے جھک کر یکساں سول کوڈ (یو سی سی) کی حمایت میں بل پاس کیا تو تمام 60 قانون سازوں کی سرکاری رہائش گاہوں کو جلا دیا جائے گا۔ دی ہندو نے اطلاع دی ہے کہ ‘ناگالینڈ ٹرانسپیرنسی، پبلک رائٹس ایڈووکیسی اینڈ ڈائریکٹ ایکشن آرگنائزیشن’ نے کہا ہے کہ یو سی سی کو نافذ کرنے سے ریاست کو دیئے گئے خصوصی آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہوگی اور ناگا لوگوں کے منفرد رسوم و رواج کی بھی خلاف ورزی ہوگی۔ تنظیم نے ایک بیان میں کہا کہ اگر یو سی سی کی منظوری دی جاتی ہے تو اس کے اراکین ناگالینڈ کے قانون سازوں کی سرکاری رہائش گاہوں کو آگ لگانے کی حد تک جانے سے دریغ نہیں کریں گے۔عیسائی اکثریتی ناگالینڈ کی رائزنگ پیپلز پارٹی نے یہ بھی کہا کہ یو سی سی آرایس ایس کے ‘ایک قوم، ایک مذہب، ایک زبان’ پر زور دینے کے خیال کے مطابق ہے۔
میگھالیہ میں، ہینوٹریپ یوتھ کونسل، نے کہا کہ وہ UCC کو لاگو کرنے کے اقدام کے خلاف لاء کمیشن آف انڈیا کو لکھے گی۔کونسل کے چیئرمین رابرٹ یون خرجہرین نے کہا کہ "یو سی سی مقامی رسم و رواج، قوانین اور یہاں تک کہ آئین کے چھٹے شیڈول کو بھی متاثر کرے گا۔”
شیلانگ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے، سول سوسائٹی خواتین کی تنظیم کی صدر اگنیس کھرشنگ نے کہا، "آئین ہندوستان کے لوگوں کے لیے ہے نہ کہ کچھ سیاسی قوتوں کو خوش کرنے کے لیے۔ اگر انہوں نے یو سی سی کو نافذ کرنا ہے تو پہلے انہیں ملک کے ہر شہری کو قائل کرنا ہوگا۔ عوام کو دیکھنا ہو گا کہ ان کے نمائندے کس پر عملدرآمد کر رہے ہیں۔
یو سی سی کی مخالفت میگھالیہ، میزورم اور ناگالینڈ میں سب سے زیادہ مضبوط رہی ہے، جہاں 2011 کی مردم شماری کے مطابق بالترتیب 74.59 فیصد، 86.97 فیصد اور 87.93 فیصد عیسائی ہیں۔ دیگر شمال مشرقی ریاستوں نے ردعمل ظاہر کرنے سے پہلے مسودے کا مطالعہ کرنے کو کہا ہے۔
دوسری طرف دی ہندو کی ایک اور خبر کے مطابق سنٹرل ناگالینڈ ٹرائب کونسل (سی این ٹی سی) نے 22ویں لاء کمیشن کو لکھے ایک خط میں کہا ہے کہ آئین ہندوستان کے لوگوں میں تنوع اور تکثیریت کو تسلیم کرتا ہے اور اس لیے یو سی سی اس کی موجودہ شکل میں ہندوستان کے خیال کے خلاف ہوں۔







