نئی دہلی: ملک کی راجدھانی دہلی پر منڈلا رہا سیلاب کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے۔ جمنا کے پانی کی سطح میں بھلے ہی معمولی کمی آئی ہو لیکن اس کے باوجود یہاں کے لوگوں کی مشکلات کم نہیں ہو رہی ہیں۔ اس دوران دہلی حکومت نے اب فوج سے مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
دہلی کے سی ایم کیجریوال نے فوج سے مدد مانگی ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کر کے یہ اطلاع دی۔ وزیر سوربھ بھاردواج نے ٹوئٹ کر کے بتایا کہ پوری رات ہماری ٹیمیں ڈبلیو ایچ او کی عمارت کے قریب ڈرین نمبر 12 کے ریگولیٹر کو پہنچنے والے نقصان کو ٹھیک کرنے کا کام کرتی رہیں۔ اب بھی جمنا کا پانی اس شگاف سے شہر میں داخل ہو رہا ہے۔ حکومت نے چیف سیکرٹری سے کہا ہے کہ اس کو اولین ترجیح پر رکھا جائے۔
دریں اثنا، دہلی کی تین سرحدوں سے بسوں اور ٹرکوں کی آمدورفت پر پابندی عائد کر دی گئی۔ دہلی حکومت نے ملازمین کو ہدایت دی ہے کہ ملازمین گھر سے اپنا کام کریں۔ ادھر محکمہ موسمیات نے دہلی اور ملحقہ علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، ایسے میں ان علاقوں میں مزید بارش ہوتی ہے تو عوام کی پریشانی میں مزید اضافہ ہوگا۔







